ممبئی :جنس مخالف کی عمر اور تعلقات پر لوگ طرح طرح کی باتیں کرتے ہیں اور اب اس بارے میں اداکارہ ودیا بالن نے کہا ہے کہ یہ سچ ہے کہ خواتین 40 سال کے بعد تعلقات استوار کرنے سے نہیں گھبراتیں، دراصل بڑھتی عمر کے ساتھ ساتھ خواتین میں جہاں اعتماد آتا ہے، وہیں ان سے خوف بھی ختم ہوتا جاتا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق فلم فیئر سے خصوصی بات کرتے ہوئے ودیا بالن نے پہلی بار خواتین کی جانب سے محبت کرنے، اور خواتین کی جانب سے ادھیڑ عمری میں پرکشش دکھائی دینے جیسے موضوعات پر کھل کر بات کی۔ڈرٹی پکچر جیسی فلموں کی 40 سالہ اداکارہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ خواتین نوجوانی سے زیادہ ادھیڑ عمری میں پرکشش اور بے خوف دکھائی دیتی ہیں، زیادہ تر خواتین خود کو 40 سال کی عمر کے بعد بااعتماد، پرسکون اور پرکشش سمجھتی ہیں اور اسی عمر میں ہی خواتین تعلقات استوار کرنے سے بھی نہیں گھبراتیں۔
ودیا بالن کا کہنا تھا کہ کچھ خواتین کا مسئلہ یہ ہے کہ وہ بڑھتی عمر سے خوف کھاتی ہیں اور وہ محبت کرنے سے کترانے لگتی ہیں، ان کے خیال میں اس کے لیے خواتین کا 35 سال کا ہونا نہیں بلکہ 40 سال کا ہونا اچھا ہے، خواتین 40 سال کی عمر کو پہنچتے ہی بااعتماد ہوجاتی ہیں اور انہیں تعلقات استوار کرنے میں بھی کوئی دشواری نہیں ہوتی۔
خیال رہے کہ ودیا بالن کا شمار بولی وڈ کی ان اداکاراؤں میں ہوتا ہے جو ادھیڑ عمری میں بھی پرکشش دکھائی دیتی ہیں،ودیا بالن کو اکثر اپنے اضافی وزن کی وجہ سے بھی تنقید کا نشانہ بنایا جاتاہے، تاہم وہ خود سمجھتی ہیں کہ ان کے بڑھے ہوئے وزن میں ہی ان کی خوبصورتی ہے، وہ ان دنوں آنے والی تیلگو سیاسی فلم ’این ٹی آر‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ودیا بالن نے 2012 میں فلم ساز سدھارتھ رائے کپور سے شادی کی اور کچھ عرصہ قبل انہوں نے کہا تھا کہ فی الحال ان کے پاس بچے پیدا کرنے کا وقت نہیں۔