انتہائی شدید سردی کیلئے تیار ہو جائیں

کراچی : انتہائی شدید سردی کیلئے تیار ہو جائیں، سردی کی شدت کا 7 سالہ ریکارڈ ٹوٹ جانے کا امکان، مغربی ہواوں کا نیا سلسلہ ہفتے کو پاکستان میں داخل ہوگا، سائبیریا کی ٹھنڈی ہوائیں چلیں گی۔ تفصیلات کے مطابق معتدل موسم کیلئے مشہور کراچی شہر کے باسیوں کیلئے سخت ترین سردی کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔ موسم کا حال بتانے والوں نے اتوار سے ٹھنڈ کی شدت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ اتوار سے کراچی میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ ماہرین موسمیات نے شہر قائد کے باسیوں کو خبردار کیاہے کہ دسمبر کا آخری ہفتے میں سائبیریا کی ٹھنڈی ہوائیں چلیں گی اور سردی کی شدت میں اضافہ ہوجائے گا۔ ہواوں کی رفتار 45 کلومیٹر فی گھنٹہ تک بڑھ سکتی ہے۔
مغربی ہواں کا نیا سلسلہ ہفتے کو پاکستان میں داخل ہوگا۔ 28 دسمبر سے کراچی میں سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے، آئندہ ہفتے سردی کی لہر کی شدت گزشتہ لہر سے زیادہ ہوگی۔

سردی کی لہر کے نتیجے میں شہر قائد کا درجہ حرارت مزید گر جائے گا۔ پیر سے بدھ کراچی میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔ 3 دنوں میں کم سے کم پارہ سنگل ڈیجیٹ میں ریکارڈ ہوسکتا ہے۔ پیشن گوئی کی گئی ہے کہ کراچی میں سردی کا 7 سالہ ریکارڈ ٹوٹ سکتا ہے۔ 2013 میں کراچی کا کم سے کم پارہ 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوچکا ہے، جس کا ریکارڈ اگلے چند روز میں ٹوٹ جانے کا امکان ہے۔ جبکہ جنوری میں ایک اور مغربی سلسلہ ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں