سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کورونا ویکسین لگوا لی

ریاض: سعودی عرب کے ولی عہد و نائب وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے کورونا ویکسین کے قومی منصوبے کے تحت پہلی ڈوز لگوالی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزیر صحت ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیہ نے اپنے بیان میں کہا کہ سعودی ولی عہد نے کورونا ویکسین کی پہلی ڈوز لگوا لی ہے۔ میں شہریوں اور رہائشیوں کو ویکسین فراہم کرنے کے لیے ان کی خواہش اور مستقل پیروی کرنے پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
وزیر صحت نے کہا کہ شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ‘بین الاقوامی سطح پر کورونا کی منظور کردہ ویکسین کا ریکارڈ وقت میں حصول اور عوام کو اس کی فراہمی سعودی حکومت کی کامیابی ہے اور اس سعودی عرب کورونا کا مقابلہ کرنے والے ممالک میں شامل ہو گیا ہے۔ یاد رہے کہ مشرق وسطی کے ممالک سعودی عرب اور بحرین نے 18 دسمبر سے کورونا ویکسین عام افراد کو لگانا شروع کردی تھی، اس طرح دونوں ممالک اسلامی دنیا کے پہلے ممالک بن گئے تھے جہاں ویکسینیشن کا آغاز ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں