جاپان اور چین نے امریکا کی نئی ٹیرف تجویز کو افسوسناک قرار دیدیا

0

ٹوکیو: جاپان اور چین نے بھی امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پیش کردہ نئی ٹیرف تجویز کو انتہائی افسوس ناک قرار دے دیا ہے۔
جاپان کے چیف کیبنٹ سیکرٹری منورو کیہارا نے پریس کانفرنس میں کہا کہ امریکا کی جانب سے نئی ٹیرف تجویز انتہائی افسوسناک ہے۔

منورو کیہارا نے کہا کہ گزشتہ سال کے معاہدے میں طے شدہ حد سے زیادہ اضافی ٹیرف عائد نہیں کیے جا سکتے، دوطرفہ معاہدے پر مستقل عمل درآمد یقینی بنانا ہو گا۔

انہوں نے کہاکہ معاہدے کے تحت امریکا میں جاپانی سرمایہ کاری کی شرط پر ٹیرف کی حد 15 فیصد مقرر کی گئی تھی۔

چین کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ٹیرف اور تجارتی جنگ کسی بھی ملک کے مفاد میں نہیں، تمام معاملات کو بات چیت اور باہمی مشاورت کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ چین اپنے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھے گا، اضافی پیداواری صلاحیت کو سیاسی جوڑ توڑ اور تجارتی دباؤ ڈالنے کا بہانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔

چینی وزارت خارجہ نے امریکی اقدامات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ چینی حکومت چینی کمپنیوں کے خلاف امریکہ کے کریک ڈاؤن کی سخت مخالفت کرتی ہے۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے چین، یورپی یونین سمیت 14 بڑے تجارتی شراکت داروں کی درآمدی مصنوعات پر نئے ٹیکس عائد کرنے کی تجویز پیش کردی ہے، جس کے تحت چینی مصنوعات پر 20 فیصد اضافی ٹیرف عائد کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں