ایم کیوایم پاکستان کا وفاقی حکومت سے علیحدگی اور اپوزیشن کی حمایت کا اعلان

اسلام آباد: ایم کیوایم پاکستان نے حکومت سے علیحدگی کا اعلان کردیا ہے، کنوینئر ایم کیوایم خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اپوزیشن کے ساتھ چلنے کا فیصلہ ذاتی یا پارٹی کے مفاد میں نہیں بلکہ عوام اور پاکستان کی بہتری کیلئے کیا ہے، درخواست کرتا ہوں کہ آج ایسے دور کا آغاز کریں جہاں سیاسی اختلافات کو دشمنی نہ سمجھا جائے۔

کنوینئر ایم کیوایم خالد مقبول صدیقی نے اپوزیشن رہنماؤں شہبازشریف، بلاول بھٹو، مولانا فضل الرحمان و دیگر کے ہمرہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ گواہ ہیں اپوزیشن کے ساتھ چلنے کا جو فیصلہ کیا اور ورکنگ ریلیشن شپ قائم کی ہے، اس میں کسی کا ذاتی اور جماعت کا کوئی فائدہ نہیں بلکہ عوام کی فلاح وبہبود کیلئے ہے، اللہ ہمیں سرخرو کرے ہم نے اپنے تمام سیاسی مفادات پر پاکستان کے مفادات کو ترجیح دی ہے، میں درخواست کرتا ہوں کہ آج ایسے دور کا آغاز کریں جہاں سیاسی اختلافات کو دشمنی اور انتقام کا ارادہ نہیں ہونا چاہیے۔

اس موقع پر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ آج پاکستان کی تاریخ میں یقینا ایک اہم دن ہے، شاید دہائیوں میں ایک متحدہ اپوزیشن جس کو میں اگر متحدہ جرگہ کہوں جو مل بیٹھا ہے، اس اتحاد اور قومی یکجہتی کیلئے جتنی کاوشیں کی گئیں، اس کی جتنی بھی تحسین کی جائے کم ہے،ایم کیوایم کے کارکنان اور ورکروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ پاکستان کی بہتری کیلئے اپوزیشن اتحاد کیلئے بڑا فیصلہ کیا، آصف زرداری اور بلاول بھٹو کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ایک نئے سفر کا آغاز کیا، وہ سفرپاکستان، سندھ اور کراچی کی ترقی و خوشحالی کیلئے ایک نئے سفر کا آغاز کیا ہے، اس سے بڑھ کوئی اہم نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں