پنجاب میں گرمیوں کی چھٹیاں دینے کے فیصلے کی مخالفت کر دی گئی

لاہور : سرونگ سکولز ایسوسی ایشن پاکستان نے اسکولز میں گرمیوں کی چھٹیاں دینے کے فیصلے کی شدید مذمت کر دی، چھٹیوں سے متعلق دئیے گئے فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل کر دی۔سروسنگ سکولز ایسوسی ایشن پاکستان کے صدر میاں رضاء کا کہنا ہے کہ بچوں کا تعلیمی نقصان پہلے ہی ناقابل تلافی تھا اور گرمیوں کی چھٹیاں دے دی گئیں جس کی سخت مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں چھٹیاں نہیں دی گئیں۔کے پی کے میں بھی صرف 10 دن کی چھٹیاں دی گئی ہیں لیکن پنجاب میں 30 دن کی چھٹیاں دے دی گئیں۔میاں رضاء کا کہنا ہے کہ دسویں اور بارہویں کے امتحانات میں چند رہ گئے ہیں، چھٹیوں سے بچوں کو تیاری میں مشکلات پیش آئیں گی۔واضح رہے کہ گذشتہ روز نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے صوبوں اور وفاقی آکائیوں کو تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کا اختیار دیئے جانے کے بعد صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخوا نے اس حوالے سے اہم اعلان کیا تھا۔

وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ پنجاب میں اسکولوں میں گرمیوں کی چھٹیوں کا آغاز یکم جولائی سے ہو گا اور یکم اگست تک اسکول بند رہیں گے۔ انہوں نے والدین اور بچوں سے درخواست کی کہ وہ ان چھٹیوں میں حکومت کے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل کریں۔علاوہ ازیں وزیر تعلیم خیبرپختونخوا شہرام خان ترکئی نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں موسم گرما کی 11 روزہ تعطیلات یکم جولائی سے شروع ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں تمام سرکاری و نجی اسکول اور مدارس یکم جولائی 2021 سے 11 جولائی 2021 تک بند رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں