موبائل فون پر پانچ منٹ سے زیادہ بات کرنے پر ٹیکس عائد

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔25 جون ۔2021ء) حکومت نے وفاقی بجٹ تجاویزمیں موبائل فون پر تین منٹ سے زیادہ بات پرٹیکس عائدکرنے کا اعلان واپس لینے کے بعد معمولی ترمیم کے ساتھ ٹیکس کے نفاذکا اعلان کردیا ہے. تاہم یہ اعلان بھی وفاقی بجٹ میں عائد کیئے جانے والے ٹیکسوں کی طرح مبہم ہے وزارت خزانہ کے مطابق اب موبائل فون پر پانچ منٹ سے لمبی کال پر75پیسے ٹیکس عائدہوگا .

تاہم اس بات کی وضاحت نہیں کی گئی کہ یہ ٹیکس فی منٹ چارج کیا جائے گا یا مجموعی کال پر‘وزیر خزانہ شوکت ترین نے قومی اسمبلی میں جاری بجٹ اجلاس کے دوران اپنے خطاب میں کہا کہ انٹرنیٹ اور ایس ایم ایس پر کوئی ٹیکس نہیں ہوگا نابینا افرادکے لیے خصوصی موبائل پر ٹیکس بھی واپس لے لیا گیا بجٹ2021-22 میں تجویز دی گئی تھی کہ3 منٹ سے زیادہ کی موبائل کال پر ایک روپے ٹیکس لگایا جائے گا لیکن کابینہ نے اس کو مسترد کردیاتھا جس کے بعد اعلان کیا گیا تھا کہ موبائل فون کالزپر ٹیکس نافذنہیں کیا جارہا تاہم حکومت زیادہ دن اپنے وعدے پر کاربند نہیں رہ سکی.
ادھر صارفین کا کہنا ہے کہ حکومت پہلے ہی موبائل فون کے ری چارج یا بل پر بھاری ٹیکس وصول کررہی ہے اسی طرح فی کال پر بھی ٹیکس وصول کیا جارہا تھا اسی طرح موبائل فون سیٹ پر بھی بھاری ٹیکس عائد کرنے سے ملک میں موبائل فونزکی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے .

اپنا تبصرہ بھیجیں