مبینہ آڈیو لیک، نواز شریف نے پارٹی کو اہم ہدایات جاری کر دیں

اسلام آباد : مسلم لیگ ن نے مبینہ آڈیو لیک معاملے کو دیگر جماعتوں سے مل کر ہر سطح پر اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کےمطابق ن لیگ دیگر جماعتوں سے ملکر مبینہ آڈیو لیکس پر اعلیٰ سطح کی انکوائری کی مہم چلائے گی۔نواز شریف نے پارٹی کو معاملے کو ہر سطح پر اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔وکلاء تنظیموں، سول سوسائٹی، پارلیمنٹرین، مذہبی جماعتوں کو بھی اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ن لیگی رہنماؤں کو اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کو اعتماد میں لینے کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔شہباز شریف بلاول بھٹو کا اعتماد میں لیں گے۔شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال اے این پی سے بات کریں گے۔ایازصادق بلوچستان کی قوم پرست جماعتوں اور سعد رفیق جماعت اسلامی سے رابطہ کریں گے۔
۔واضح رہے کہ چیف جسٹس (ر) ثاقب نثار سے منسوب ایک آڈیو کلپ سامنے آئی جس میں وہ مبینہ طور پر کہہ رہے ہیں کہ عمران خان کی جگہ بنانے کے لیے نواز شریف کو سزا دینی ہوگی۔

مبینہ آڈیو ٹیپ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی جس میں مبینہ طور پر چیف جسٹس (ر) ثاقب نثار نے کہا کہ عمران خان کی جگہ بنانے کیلئے نواز شریف کو سزا دینی ہو گی، مریم نواز کو بھی سزا دینی ہو گی۔ مبینہ آڈیو کلپ میں وہ مبینہ طور پر تسلیم کر رہے ہیں کہ مریم نواز کو بھی سزا دینی ہو گی اگرچہ مریم نواز کے خلاف کوئی کیس نہیں ہے۔ جس کے بعد سوشل میڈیا پروائرل ہونے والی مبینہ آڈیو کلپ کو ن لیگ کے رہنماؤں نے اپنی جیت اورعدل کے لیے امتحان قرار دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں