اسلام آباد : سری نگر ہائی وے پر حادثے میں جاں بحق چار میں سے تین افراد کے اہلخانہ نے وفاقی محتسب برائے ہراسانی کشمالہ طارق کے بیٹے اذلان خان سے راضی نامہ کرلیا۔
مقامی عدالت میں ورثا کی جانب سے راضی نامے کا بیان حلفی جمع کرایا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ گاڑی کشمالہ طارق کا بیٹا اذلان خان نہیں بلکہ ڈرائیور فیض اللہ چلا رہا تھا۔ورثا نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ انہوں نے اللہ کی رضا کی خاطر صلح کرلی ہے اور آئندہ کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی نہیں کریں گے۔
خیال رہے کہ کچھ روز قبل اسلام آباد کی سرینگر ہائی وے پر کشمالہ طارق کی گاڑی نے سگنل توڑ کر ایک کار اور موٹرسائیکل کو ٹکر ماری تھی جس کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے تھے۔ کشمالہ طارق کا موقف تھا کہ گاڑی ان کا بیٹا یا شوہر نہیں بلکہ ڈرائیور چلا رہا تھا ۔