لاڑکانہ(نمائندہ نوائے جنگ) ڈوکری میں مبینہ زیادتی کا نشانہ بننے والی پانچ سالا بچی مرک کلہوڑو کے واقعہ کا مقدمہ بچی کے والد نیاز حسین کلہوڑو کی مدعیت میں مقدمہ 12/2021 زیر دفعہ 376 پی پی سی کے تحت مرکزی ملزم رحیم عرف سہٹل شاہ کے خلاف درج کیا گیا جس کے بعد پولیس نے کاروائی کرکے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا، متاثرہ بچی مُرک کلہوڑو کی طبیعت خراب ہونے پر انہیں شیخ زید چلڈرین ایمرجنسی وارڈ منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی گئی،
اس موقع پر متاثرہ بچی کے والد نیاز کلہوڑو نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کرکے انصاف فراہم کیا جائے، اس سلسلے میں واقعے کی تحقیقات کرنے والے ایس پی ہیڈ کوارٹر محمد کلیم ملک کا کہنا تھا کہ واقعے میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے جس کی عمر 15 سال ہے جبکہ بچی کی میڈیکل رپورٹ آنے کا انتظار ہے جس میں اس بات کی تصدیق ہوگی کہ بچی کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے یا زیادتی کی کوشش کی گئی ہے جس کے بعد مزید کاروائی کی جائے گی، انہوں نے بتایا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے جس کی شفاف تحقیقات جاری ہے۔