لاہور میں والدہ کی ڈانٹ سے دلبرداشتہ ہو کر 12 سالہ بچے نے خود کُشی کر لی

لاہور : لاہور میں 12 سالہ بچے نے والدہ کی ڈانٹ سے دلبرداشتہ ہو کر خود کُشی کر لی ۔ تفصیلات کے مطابق 12 سالہ بچے کی شناخت رمضان کے نام سے ہوئی۔ پولیس نے بتایا کہ 12 سالہ بچے رمضان نے والدہ کی ڈانٹ سے دلبرداشتہ ہو کر گلے میں پھندا ڈال کر اپنی جان لے لی۔ رمضان کی لاش کو جناح اسپتال کے مردہ خانے منتقل کیا گیا جہاں اس کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔

پولیس نے واقعہ کی رپورٹ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ رمضان کے اہل خانہ سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ خیال رہے کہ آج کل کی نوجوان نسل میں عدم برداشت ہے جس کی وجہ سے کئی ایسے واقعات منظر عام پر آتے ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی ایسے واقعات رپورٹ ہوتے رہے ہیں۔ گذشتہ برس لاہور میں ہربنس پورہ کے علاقہ لال پل گلشن کے رہائشی عامر نے باپ کے ساتھ لڑائی جھگڑے کے بعد دلبرداشتہ ہو کر خود کشی کرلی تھی۔
جس کی اطلاع ملنے پر پولیس نے لاش کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے مردہ خانے منتقل کرکے قانونی کاروائی کی۔

قبل ازیں لاہور کے قریب ایک گائوں کلسیاں بھٹیاں کے رہائشی بائیس سالہ نوجوان اویس مشتاق بھٹی کو گھر والوں نے لیٹ آنے پرڈانٹا تو اس نے دل برداشتہ ہوکر کمرے میں جا کر خود کو بند کر لیا اور پسٹل سے فائر مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا تھا ، ان واقعات میں لڑکے ہی نہیں لڑکیوں کی جانب سے بھی خود کُشی کے کئی واقعات سامنے آئے۔

ایک واقعہ کے مطابق گھریلو حالات سے تنگ آ کر 28 سالہ فرزانہ بی بی نے گندم میں رکھنے والی گولیاں کھا لی تھیں اور اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا تھا ۔ ماہرین نفسیات کے مطابق معاشرے میں عدم برداشت کے بڑھتے ہوئے رجحان کی وجہ سے نوجوان نسل انتہائی اقدام اُٹھانے میں ذرا بھی تاخیر نہیں کرتی یہی وجہ ہے کہ ہمارے ارد گرد خود کُشی اور قتل و غارت کے واقعات کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں