لاہور، اسلام آباد، کراچی: شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کوسلام۔ ملک بھر سے 9 محرم الحرام کے ماتمی جلوس برآمد ہونا شروع ہوگئے۔
مختلف شہروں میں جلوسوں کے راستوں پر پولیس، رینجرز اور دیگر سکیورٹی اداروں کے اضافی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ داخلی اور خارجی راستوں کی نگرانی بھی سخت کر دی گئی ہے۔ حساس مقامات پر واک تھرو گیٹس، سی سی ٹی وی کیمروں اور نگرانی کے دیگر جدید نظاموں سے مدد لی جا رہی ہے۔
کئی شہروں میں ٹریفک پلان نافذ کر دیا گیا اور موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل رہے گی۔
لاہور
لاہور میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہوگیا، جلوس سراج بلڈنگ، اسلام پورہ چوک، نیلی باغ چوک اور دیگر مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا پرانی انارکلی کی جانب جائے گا۔
مرکزی جلوس پرانی انارکلی، اے جی آفس اور بابا موج دریا روڈ کے راستے امام بارگاہ خیمہ سادات پہنچے گا، خیمہ سادات میں مجلس عزا اور نماز مغربین کی ادائیگی کے بعد جلوس دوبارہ روانہ ہوگا، جلوس خیمہ سادات سے واپس اپنے مقررہ روٹ کے مطابق روانہ ہو کر پانڈو سٹریٹ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔
اسلام آباد
اسلام آباد میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ جی سکس اثنا عشریٰ سے برآمد ہوگا، جلوس کے راستوں کو مکمل بند کر دیا گیا ہے۔
کراچی
شہر قائد سے 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس دوپہر ایک بجے نشتر پارک سے برآمد ہوگیا، جلوس سے قبل صبح 10 بجے نشتر پارک میں خطیبِ پاکستان علامہ شہنشاہ حسین نقوی مرکزی مجلسِ عزا سے خطاب کرتے ہوئے فضائل اہل بیت پر روشنی ڈالی۔
جلوس اپنے روایتی راستوں سے گزرتے ہوئے شاہنواز بھٹو روڈ، ایم اے جناح روڈ اور مرکزی نمائش چورنگی سے آگے بڑھے گا، اس دوران ایم اے جناح روڈ پر واقع امام بارگاہ علی رضا کے سامنے عزادار نمازِ ظہرین ادا کریں گے، بعد ازاں جلوس کھارادر میں واقع حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔




