مفتی عبدالوہاب، ایک تعارف
ہر شعبہ زندگی میں ایسے افراد موجود ہوتے ہیں جو اپنے علم، تدبر، محنت اور اخلاص سے اس شعبہ کی پہچان بن جاتے ہیں اور ان کی یہ خصوصیات ان کو دیگر افراد سے ممتاز کرتی ہیں۔ ایسی ہی ایک شخصیت مفتی عبدالوہاب صاحب کی بھی ہے جو برطانیہ میں رہنے والی پاکستانی کمیونٹی میں ممتاز مقام رکھتے ہیں۔ ایک مذہبی عالم، ٹیلی وژن میزبان، سماجی کارکن اور انسان دوست شخصیت کی حیثیت سے مفتی عبدالوہاب نہ صرف برطانوی مسلم و پاکستانی کمیونٹی، بلکہ دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد میں بھی عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔
مفتی عبدالوہاب، بنیادی طور پر پاکستان سے تعلق رکھتے ہیں، آپ ایک نامور عالم دین اور دردمند انسان ہیں۔ گزشتہ کچھ عرصے سے برطانیہ میں مقیم ہونے اور یہاں ایک پروقار زندگی گزارنے کے باوجود ان کا دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے پاکستان کے دکھی، مجبور اور لاچار انسانوں کی خدمت کیلئے برطانیہ میں الوہاب فائونڈیشن کی داغ بیل ڈالی۔ الحمدللہ آج یہ چیریٹی پاکستان کے ساتھ ساتھ روہنگیا، ترکیہ، یوگینڈا اور مراکش کے مجبور و بے کس انسانوں کی خدمت میں بھی پیش پیش ہے۔اس کے ساتھ ساتھ الوہاب فائونڈیشن کا ایک خاص اعزاز برطانیہ میں موجود پسماندہ افراد تک پہنچنا اور ان کی ضروریات زندگی پوری کرنا بھی ہے۔
برطانیہ میں یوں تو کئی علما کرام موجود ہیں لیکن مفتی عبدالوہاب اپنی شخصیت اور ملنسار مزاج کی وجہ سے ان میں ایک نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ آپ 2006 سے برطانیہ کے مختلف ٹیلیویژن چینلز کے ذریعے دین کی تبلیغ اور معاشرے میں نیکی پھیلانے میں مصروف عمل ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ برطانیہ ہی نہیں دنیا بھر کے مسلمانوں میں آپ عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔ آپ کا دلنشین انداز گفتگو اور حکمت و تدبر سے بھری باتیں یقینا دلوں پر اثر کرتی اور ذہنوں کو متاثر کرتی ہیں۔
مفتی صاحب نے 2006 ء میں اے آر وائی کیو ٹی وی پر نشر ہونے والے اردو زبان میں برطانیہ میں براہ راست سوال و جواب کے ٹی وی شو کی میزبانی کرنے والے سب سے کم عمر اسلامی اسکالر بننے کا اعزاز حاص کیا۔ پھر 2011 ء میں اسی سلسلہ کو اقراء ٹی وی پر ”سوال و جواب مفتی عبدالوہاب کے ساتھ” کے نام سے جاری رکھا، جبکہ اس وقت آپ اسلام چینل اردو کے مقبول عام پروگرام، گفتگو کے میزبان کے طور پر اپنی ذمہ داری نبھا رہے ہیں، اس پروگرام کا آغاز آپ نے 2015 ء میں کیا تھا۔ مفتی عبدالوہاب صاحب کی مقبولیت کی ایک بڑی وجہ نہایت نرم اور دلنشین انداز سے مسلمانان برطانیہ کو دین متین سے جوڑے رکھنا اور انہیں اپنی مسلم شناخت پر فخر کرنا سکھانا بھی ہے۔
آپ کی زندگی کا مقصد اسلام کی اشاعت و تبلیغ اور اس کے ساتھ ساتھ بلاتفریق رنگ و نسل انسانیت کی خدمت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ چیرٹی کے کام کیلئے لوگوں کی بڑی تعداد آپ پر اعتماد کرتی ہے۔ پاکستان اور کشمیر میں آنے والا 2005 کا ہولناک زلزلہ ہو یا تباہی کا باعث بننے والے سیلابی ریلے۔ یا پھر 2023 میں ترکی، اور پھر مراکش میں آنے والا تاریخ کا شدید ترین زلزلہ۔ مفتی عبدالوہاب نے برطانیہ میں موجود مخیر خواتین و حضرات کے ساتھ مل کر اس آواز پر لبیک کہا اور دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبہ کے ساتھ امدادی کاموں کا آغاز کیا۔
اگر پاکستان کی بات کی جائے تو، مفتی عبدالوہاب صاحب نے سندھ کے صحرائی علاقے، پنجاب کے میدانوں، خیبر پختونخواہ کے پہاڑوں اور قبائلی علاقہ جات کے دشوار گزار راستوں پر خود پہنچ کر لوگوں کو امدادی سامان مہیا کیا جس کی واحد وجہ ان کی انسانیت کیلئے خدمت کا جذبہ اور اللہ رب العزت کے حضور سرخرو ہونے کی خواہش ہے۔
پاکستان میں الوہاب فائونڈیشن معاشرے کے بے کس طبقات کو مضبوط کرنے کی تگ و دو کررہی ہے۔ اس مقصد کے حصول کیلئے ایمرجنسی سچویشن میں کردار ادا کرنے کے علاوہ بھی، لوگوں کی بڑی تعداد کو مستقل بنیادوں پرخوراک، صاف پانی، طبی سہولیات، تعلیم اور رہائش فراہم کرنے کے منصوبے چلائے جارہے ہیں۔ جبکہ الوہاب فاوڈیشن کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ اس نے مفتی عبدالوہاب صاحب کے وژن کے مطابق لوگوں کی بڑی تعداد بشمول خواتین کو حلال اور باوقار روزگار فراہم کرنے کیلئے بھی پراجیکٹس شروع کررکھے ہیں۔ ان پراجیکٹس کی بدولت معاشرے میں موجود کمزور لیکن باصلاحیت افراد کو ہنر سکھا کر اپنے پائوں پر کھڑا ہونے کی ترغیب دی جاتی ہے۔
چونکہ الوہاب فاونڈیشن کی بنیاد برطانیہ میں رکھی گئی اور مفتی عبدالوہاب صاحب بھی عرصہ دراز سے برطانیہ ہی مقیم ہیں اور یہاں قیام پزیر کمیونٹی کے تعاون سے ہی دنیا کے مختلف خطوں میں موجود پراجیکٹس کی دیکھ بھال کررہے ہیں اس لئے آپ نے ضروری سمجھا کہ برطانوی معاشرے کی بہتری کیلئے بھی کام کا آغاز کیا جائے۔ الوہاب فائونڈیشن باقاعدگی کے ساتھ لندن میں موجود بے گھر اور بے سہارا افراد کو خوراک خاص کر پکا پکایا کھانا فراہم کررہی ہے اور ان کی دیگر ضروریات کو پورا کرنے کا اہتمام بھی کررہی ہے۔
مفتی عبدالوہاب صاحب کی خوبصورت شخصیت کا ایک اور پہلو یہ ہے کہ آپ، الوہاب فائونڈیشن کے تمام پراجیکٹس کی خود نگرانی کرتے ہیں اور اپنے تجربہ کی روشنی میں فیلڈ ٹیم کی بھرپور رہنمائی بھی کرتے ہیں۔ یقینا ایسے پرخلوص اور بے لوث افراد وطن عزیز کا سرمایہ اور امت مسلمہ کے ماتھے کا جھومر ہیں۔
آپ کی ان انتھک اور بے لوث کاوشوں کا اعتراف کرتے ہوئے اور کمیونٹی خدمات کے اعتراف کے طور پر 2021 ء میں، لندن کی بورو آف برینٹ کے کونسلر ارشد محمود نے اعزازی ایوارڈ سے نوازا، جسے مفتی عبدالوہاب نے کمیونٹی کے نام کردیا۔ ایسے ہی، سال 2018 ء کے دوران پاکستان میں منعقد ہونے والی دو روزہ بین الاقوامی سیرت کانفرنس میں مفتی عبدالوہاب صاحب کو وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے خطاب کے لیے مدعو کیا گیا جہاں آپ نے مسلمانان برطانیہ کی نمائندگی کی اور مسلم امہ کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے سیرت رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے رہنمائی لینے پر زور دیا۔
مفتی عبدالوہاب صاحب کا یہ خوبصورت اور لگن سے بھرپور سفر یقینا ایسے تمام افراد کیلئے مشعل راہ اور حوصلہ کا باعث ہے جو اپنی محنت اور اخلاص سے نہ صرف اپنا مقام پیدا کرنا چاہتے ہیں بلکہ معاشرہ کیلئے کارآمد بھی بننا چاہتے ہیں۔