ٹرمپ کا ووٹوں کی گنتی رکوانے کے لیے سپریم کورٹ جانے کا اعلان

واشنگٹن : امریکی صدر اور انتخابات میں ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے ووٹوں کی گنتی رکوانے کے لیے سپریم کورٹ جانے کا اعلان کردیا ، انہوں نے کہا کہ کئی ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے ، لیکن انتخابی نتائج کا عمل اچانک رک گیا یہ دھوکہ ہے ، اس لیے ووٹوں کی گنتی رکوانے کیلئے سپریم کورٹ جارہا ہوں ، کیوں کہ انتخابات ہماری قوم کے لئے ایک بڑا فراڈ ہے۔

تفصیلات کے مطابق اپنے حامیوں سے خطاب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ تمام تر تحفظات کے باوجود ہم الیکشن جیت چکے ہیں، اور ہم عنقریب کامیابی کا جشن منائیں گے ، شاندار حمایت پر امریکی عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں ، مشی گن میں تقریباً 3 لاکھ ووٹوں سے جیت رہے ہیں ، فلوریڈا اور ٹیکساس میں کامیاب ہوگئے ہیں ، ہم جارجیا اور نارتھ کیرولینا میں جیت کے قریب ہیں ، ایری زونا نے کسی نے کامیابی کا اعلان کیا ہے لیکن ہم وہاں مقابلے میں ہیں ،

ٹیکساس میں ہم نے 70 ہزار سے زیادہ ووٹ حاصل کیے ، مشی گن میں بھی ہم بہت آگے ہیں ، کئی ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے، انتخابات کے بہترین نتائج سامنے آرہے ہیں ،ہم ایسی ریاستوں میں بھی جیت چکے ہیں جہاں ہمیں ضرورت نہیں تھی ، اوہائیو سے مجھے محبت ہے اور وہاں بھی کامیابی حاصل کی۔

اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ امریکہ میں نئے صدر کے انتخاب کے لیے ہونے والے الیکشن کے نتائج کے بعد ملک میں فسادات اور لڑائی جھگڑوں کے خدشات کی وجہ سے سیکیورٹی سخت کر دی گئی ، غیر ملکی خبر رساں اادارے کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ امریکی الیکشن کے نتائج آنے کے بعد خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ملک میں ممکنہ طور پر فسادات ہوسکتے ہیں ، جس کی بناء پر وائٹ ہاؤس کی سیکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ،

اس کے ساتھ ساتھ نیشنل گارڈز کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے ، وائٹ ہاؤس کے اطراف خاردار تاریں لگا دی گئی ہیں جب کہ واشنگٹن ، نیویارک سمیت کئی شہروں میں کاروباری مراکز کو بھی لکڑی کے تختوں کی مدد سے سیکیورٹی فراہم کر دی گئی ہے۔