حکومت مخالف تحریک ، مریم نواز کو بیگ تیار رکھنے کی ہدایت مل گئی

لاہور : اینکر پرسن مبشر لقمان نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف نے اپنی صاحبزادی مریم نواز کو بیگ تیار رکھنے کی ہدایت کردی۔ تفصیلات کے مطابق اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو میں اینکر پرسن نے کہا کہ نوازشریف نے اپنی صاحبزادی مریم نواز کو بیگ تیار رکھنے کی ہدایت اس لیے کہ ہے کہ اگر حکومت مخالف تحریک کے دوران کسی موقع پر گرفتاری دینے کی نوبت آئے تو سینہ تان کر گرفتاری دی جائے، یہ بات مریم نواز نے خود پارٹی ٹکٹ ہولڈرز کے ساتھ خطاب کرتے ہوئے بتائی۔

مبشر لقمان نے کہا کہ نوازشریف لندن میں بیٹھ کر کارکنوں کا لہو گرما رہے ہیں، یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہے کہ پارٹی قائد لندن میں بیٹھ کر کارکنوں کو بزدلی نہ دکھانے کی تلقین کررہا ہے، حالانکہ لیڈر آگے ہوتا ہے جب کہ کارکن اس کے پیچھے ہوتے ہیں، اس طرح سے تحریکیں کامیاب نہیں ہوتیں، حکومت گرانا اگر اتنا ہی آسان ہوتا اور لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب سے حکومتیں جاتیں تو پھر شاید ہی کوئی حکومت اپنی مدت پوری کرسکتی۔

دوسری طرف مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ کارکن 16اکتوبر تک گھروں میں نہ سوئیں، گرفتاریوں سے بچیں، حکومت جلسے سے خوفزدہ ہوکر پکڑ دھکڑ شروع کردی، گوجرانوالہ جلسہ ہر صورت کامیاب ہوگا، پاسبان رضاکار دیگر لوگوں کو بھی ساتھ ملائیں ، بتایا گیا ہے کہ ن لیگ کے پاسبان رضاکاروں نے پارٹی کی نائب صدر مریم نواز سے ملاقات کی،

جس میں گوجرانوالہ کے جلسے کو کامیاب بنانے کیلئے حکمت عملی بنائی گئی ، جہاں مریم نواز نے پاسبان رضاکاروں کو ممکنہ گرفتاریوں سے بچنے سے متعلق ہدایات کی ہیں کہ گوجرانوالہ جلسے سے حکومت خوف زدہ ہوگئی ہے، حکومت نے لیگی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ شروع کردی ہے، لیکن 16 اکتوبر کو ہر صورت جلسہ ہوگا، کارکن اپنی تیاریاں مکمل کریں ، کارکنان ممکنہ گرفتاریوں سے ہر صورت اپنے آپ کو بچائیں، کارکنان کسی غیرمتعلقہ شخص اور کال کا جواب نہ دیں ، کوشش کریں 16 تاریخ تک گھروں میں نہ سوئیں ، جب کہ پاسبان رضاکار جلسے کو کامیاب بنانے کیلئے دیگر لوگوں کو بھی ساتھ ملائیں۔