نیب نے نوازشریف کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ منسوخ کرنے کی سفارش

اسلام آباد : قومی احتساب بیورو نیب کی طرف سے سابق وزیراعظم نوازشریف کا پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ منسوخ کرنے کی سفارش کردی گئی، اس مقصد کے لیے لکھے گئے خط کی وزارت داخلہ کے حکام نے تصدیق کردی ، نیب نے نادرا سے بھی رابطہ کرلیا ۔ اس حوالے سے تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ نیب کی طرف سے وزارت داخلہ کے حکام اور نادرا کو ایک خط لکھا گیا ،

جس کے متن کے مطابق نیب کی طرف سے سفارش کی گئی ہے کہ نواز شریف کے سفری دستاویزات کو منسوخ کیا جائے اور نواز شریف کاپاسپورٹ اور شناختی کارڈ کو بلیک لسٹ میں شامل کیا جائے، کیوں کہ نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری عدالت سے جاری ہو چکے ہیں، جب کہ نوازشریف کواشتہاری قرار دینے کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے ۔

دوسری طرف نیب نے سابق وزیراعظم نوازشریف کا اشتہار ہر تھانے میں لگانے کیلئے لاہور پولیس کو خط ارسال کردیا، جس کے تحت نواز شریف اشتہاری ہیں، رائےونڈ سمیت ہر تھانے میں تصویر کے ساتھ اشتہار لگایا جائے، جبکہ ایف آئی اے نوازشریف کا ریکارڈ امیگریشن سسٹم میں شامل کرے۔

ذرائع کے مطابق نیب نے اپنے خط میں ڈی جی ایف آئی اے کو بتایا کہ نواز شریف کے اشتہاری ہونے کا ریکارڈ امیگریشن سسٹم میں شامل کیا جائے۔

نیب خط پر مکمل عملدرآمد کرایا جائے گا۔ نیب نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے اشتہاری ہونے کے معاملے پر لاہور پولیس کو بھی خط لکھا ہےجس میں آگاہ کیا گیا کہ نوازشریف کا اشتہار ہر تھانے میں ان کی تصویرکے ہمراہ لگایا جائے۔ رائےونڈ محل کے باہر بھی اشتہار لگایا جائے۔لاہور پولیس کو خط نیب راولپنڈی کی جانب سے لکھا گیا ہے جس کے تحت متعلقہ تھانے میں بھی وارنٹ گرفتاری کا سرکاری ریکارڈ میں اندراج کیا جائے۔

ضح رہے گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کو بذریعہ اخباری اشتہار طلب کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کی بذریعہ اشتہار طلبی کا تمام خرچہ وفاقی حکومت برداشت کرے گی،ایڈیشنل اٹارنی جنرل اشتہارات کی رقم 2 روز میں جمع کرائیں ۔ بدھ کو ہائیکورٹ میں ایون فیلڈ اور العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیلوں پر جسٹس عامرفاروق اور جسٹس محسن اخترکیانی پر مشتمل بینچ نے سماعت کی۔