موٹروے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد علی کی بیوی گرفتار کر لی گئی

مانگا منڈی : موٹروے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد علی کی بیوی گرفتار کر لی گئی، بشریٰ نامی خاتون اپنے شوہر کے ساتھ قلعہ ستار شاہ سے فرار ہوگئی تھی، اب خاتون کو مانگا منڈی سے گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سانحہ گجر پورہ کی تفتیش کے دوران بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے مرکزی ملزم عابد علی کی اہلیہ کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم عابد علی کی اہلیہ بشریٰ کو مانگا منڈی کے علاقے سے گرفتار کیا گیا ہے۔ اس سے قبل پولیس نے جب قلعہ ستار شاہ میں عابد علی کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تھا، تو بشریٰ اپنے شوہر کیساتھ فرار ہوگئی تھی۔ عابد علی اور اس کی بیوی اپنی بیٹی کو اکیلے چھوڑ کر فرار ہوئے تھے، جس کے بعد پولیس نے ملزم کی بیٹی کو تحویل میں لے لیا تھا۔