پنجاب میں کورونا وائرس ایک مرتبہ پھر تشویش کا باعث بننے لگا

لاہور : پنجاب میں کورونا وائرس ایک مرتبہ پھر تشویش کا باعث بننے لگا۔ شیخ زید اسپتال کے مزید 9 ڈاکٹرز کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں، پنجاب بھر میں 81 نئے کیسز رپورٹ۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں مہلک کورونا وائرس نے ایک مرتبہ پھر خطرے کی گھنٹی کی بجا دی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور کے شیخ زید اسپتال میں فرائض سر ابجام دینے والے مزید 9 ڈاکٹرز مہلک کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ متاثرہ ڈاکٹرز کی کورونا رپورٹس مثبت آنے کے بعد انہوں نے خود کو اپنے اپنے گھروں میں قرنطینہ کر لیا ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ گزشتہ کل پنجاب بھر میں کورونا وائرس کے 81 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبہ بھر میں مجموعی طور پر متاثرہ افراد کی تعداد 97 ہزار 760 ہو چکی ہے۔ تاہم اس کے ساتھ ساتھ ایک خوش آئند بات یہ ہے کہ گزشتہ روز صوبہ پنجاب میں مہلک کورونا وائرس کے باعث ایک بھی موت ریکارڈ نہیں کی گئی۔

ضرور پڑھیں   بھارتی شرانگیزی؛ پاکستانی سفارتکار کو انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل کردیا

واضح رہے کہ پاکستان میں مہلک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 2 ہزار 20 ریکارڈ کی گئی ہے جن میں سے 2 لاکھ 89 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو کے گھروں کو لوٹ چکے ہیں جبکہ اب تک اس مہلک وائرس کے باعث کل 6 ہزار 383 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔