موٹروے زیادتی کیس ، دوسرے ملزم کی بھی شناخت ہوگئی

لاہور : موٹروے زیادتی کیس میں دوسرے ملزم کی بھی شناخت ہوگئی۔میڈیا ذرائع کے مطابق شناخت کیے گئے دوسرے ملزم کا نام وقارالحسن شاہ ہے، جو کہ چھانگا مانگا کا رہائشی ہے ، اس سے پہلے شناخت ہونے والا ملزم عابدعلی اور دوسرا ملزم وقارالحسن شاہ دونوں دوست ہیں جو اکٹھے رہتے ہیں ۔ قبل ازیں موٹروے زیادتی کیس کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو پیش کردی گئی ۔

وزیراعلیٰ کو جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ موٹروے زیادتی کیس میں ایک ملزم کی شناخت ہوئی ، ملزم عابدعلی فورٹ عباس کا رہائشی ہے، ملزم کی شناخت ڈی این اے میچ ہونے کی بنا پر ممکن ہوئی، خاتون کے لباس سے ڈی این اے میچ ہونے والے ملزم کا پہلے بھی کریمنل رکارڈ ہے جہاں ملزم کا ڈی این اے 2013ء کے ڈیٹا بیس سے میچ ہوا ، لیکن ملزم عابد علی کو تاحال گرفتار نہیں کیا جاسکا اس مقصد کیلئے سی ٹی ڈی کی طرف سے کارروائی کی جارہی ہے ۔

تاہم اب یہ خبر آئی ہے کہ موٹروے زیادتی کیس میں دوسرے ملزم کی شناخت بھی ہوگئی جہاں شناخت کیے گئے دوسرے ملزم کا نام وقارالحسن شاہ بتایا گیا ہے ۔ یاد رہے کہ اس سے قبل وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت، چیف سیکریٹری، آئی جی پنجاب اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ بھی شریک ہوئے ، اجلاس میں موٹر وے زیادتی کیس کے حوالے سے اب تک کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا ۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ اس دلخراش واقعے میں ملوث ملزم سزا سے نہیں بچ پائیں گے، متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا کیونکہ متاثرین کو فوری انصاف فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، اسی مقصد کیلئے موٹر وے پولیس کی تعیناتی تک پنجاب پولیس خدمات سرانجام دے گی ۔ وزیراعلیٰ کی طرف سے لاہور سیالکوٹ موٹر وے کیلئے نئی ہیلپ لائن قائم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی جس کے بعد موٹروے کیلئے 1124 ہیلپ لائن قائم کردی گئی ۔