بھارتی وزیراعظم مودی کا ٹوئٹراکاﺅنٹ ہیک ہوگیا

نئی دہلی : بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے ایک ٹوئٹر اکاﺅنٹ کو ہیک کرکے ہیکرز نے بٹ کوائن کے ذریعے چندہ دینے کی اپیل کردی. بھارتی جریدے ٹائمز آف انڈیا کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی کی ذاتی ویب سائٹ (نریندرا مودی ڈاٹ ان) سے منسلک ان کے تصدیق شدہ اکاﺅنٹ کو ہیک کیا گیا تھا ہیکرز نے بھارتی وزیر اعظم کے (نریندرا مودی-ان) اکاﺅنٹ کو ہیک کرکے اس پر ”چندے“ کی اپیل کی چند ٹوئٹس کر ڈالیں.

ہیکرز نے عوام سے اپیل کی کہ وہ وزیر اعظم کے کورونا کی وبا سے نمٹنے کے لیے قائم کیے گئے خصوصی فنڈ میں کرپٹو کرنسی کے ذریعے ”چندے“ جمع کروائیں ہیکرز نے عوام کو بتایا کہ انڈیا میں اب بٹ کوائن کو بھی قبول کیا جا رہا ہے، اس لیے لوگ بٹ کوائن کے ذریعے بھی ”چندہ“ دے سکتے ہیں نریندر مودی کے ہیک کیے گئے اکاﺅنٹ سے ہیکرز نے چند دیگر ٹوئٹس بھی کیں، تاہم بعد ازاں ان تمام ٹوئٹس کو ڈیلیٹ کردیا گیا.

ادھرسماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انڈین وزیرِ اعظم نریندر مودی کی ذاتی ویب سائٹ کے لیے بنایا گیا ایک ٹوئٹر اکاﺅنٹ ہیک کر لیا گیا تھا، تاہم اب یہ بحال ہو چکا ہے. ٹوئٹر نے بیان میں کہا ہے کہ یہ معاملہ ان کے علم میں ہے اور انہوں نے اس اکاﺅنٹ کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں انڈیا کے وزیر اعظم سے منسلک جو اکاﺅنٹ ہیک کیا گیا وہ ان کی ذاتی ویب سائٹ کا تصدیق شدہ ٹوئٹر ہینڈل ہے اور اس کے 25 لاکھ فالوورز ہیں نریندر مودی کا ذاتی ٹوئٹر اکاﺅنٹ اس حملے کے دوران محفوظ رہا.

اس اکاﺅنٹ کے 6کروڑ 10 لاکھ سے زیادہ فالوورز ہیںٹوئٹر کی ایک ترجمان نے بتایا کہ ہم اس صورتحال کی فوری تحقیقات کر رہے ہیں اس وقت ہمیں مزید اکاﺅنٹس کے متاثر ہونے سے متعلق معلوم نہیں ہے اکاﺅنٹ سے کی جانے والی متعدد ٹویٹس کو اب ہٹا دیا گیا ہے جن میں وزیر اعظم کے ریلیف فنڈ میں کرپٹوکرنسی عطیہ کرنے کی درخواست کی گئی تھی. ٹائمزآف انڈیا کا کہنا ہے کہ نریندر مودی کے ٹوئٹر اکاﺅنٹ کو ہیک کیے جانے کے معاملے پر بھارتی وزیر اعظم کے دفتر اور ان کی ٹیم نے کوئی جواب نہیں دیا اور نہ ہی ان کے ٹوئٹر اکاﺅنٹس پر اس حوالے سے کوئی وضاحت کی گئی.