فرانسیسی میگزین چارلی ہیبدو کا ایک مرتبہ پھر حضرت محمدﷺ سے متعلق گستاخانہ خاکے شائع کرنے کا شرمناک اعلان

پیرس : فرانسیسی میگزین چارلی ہیبدو کا ایک مرتبہ پھر حضرت محمدﷺ سے متعلق گستاخانہ خاکے شائع کرنے کا شرمناک اعلان، میگزین کے دفتر پر ہوئے حملے میں ملوث ملزمان کے ٹرائل کے آغاز سے قبل دوبارہ گستاخانہ خاکے شائع کر کے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے کی کوشش، پاکستان کی جانب سے اس اقدام کی شدید مذمت۔

تفصیلات کے مطابق متعدد مواقعوں پر گستاخانہ خاکوں اور مواد شائع کر کے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے والے فرانسیسی میگزین چارلی ہیبدو کی جانب سے ایک مرتبہ پھر شرمناک اقدامات کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ 2015 میں گستاخانہ خاکے شائع کرنے کے اقدام کے بعد میگزین کے دفتر پر ہوئے حملے میں ملوث ملزمان کا ٹرائل شروع کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، ایسے میں فرانسیسی میگزین چارلی ہیبدو نے اعلان کیا ہے کہ حضرت محمدﷺ سے متعلق گستاخانہ خاکے دوبارہ سے شائع کیے جائیں گے۔

اس اعلان کے بعد دنیا بھر کے مسلمانوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ جبکہ چارلی ہیبدو میگزین کے اس اعلان پر پاکستان کی جانب سے بھی شدید ردعمل دیا گیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے اس حوالے سے جاری بیان میں چارلی ہیبدو کے اعلان کی شدید مذمت کی ہے۔ کہا گیا ہے کہ یہ اقدام جان بوجھ کر کروڑوں مسلمانوں کے جذبات بھڑکانے کی ایک کوشش ہے۔

آزادی اظہار رائے کی آڑ میں کروڑوں مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے کے ایسے اقدامات کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ یہاں واضح رہے کہ فرانسیسی میگزین چارلی ہیبدو کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے بعد 2015 میں فرانس میں فسادات پھوٹنے کے علاوہ میگزین کے دفتر پر بھی حملہ کیا گیا تھا۔ ان واقعات کے نتیجے میں 17 افراد کی ہلاکت ہوئی تھی۔ جبکہ اب 5 سال بعد حملوں میں ملوث ملزمان کا ٹرائل شروع کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔