وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مبینہ طور پر پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کو تھپڑ مار دیا، نجی ٹی وی کا تہلکہ خیز دعویٰ

اسلام آباد : نجی ٹی وی اب تک نیوز نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی ہے۔ ایک صحافی نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر خارجہ نے ہاتھا پائی کے دوران پرنسپل سیکرٹری کو تھپڑ مارا۔

اب تک نیوز نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ شاہ محمود قریشی اور اعظم خان میں ہاتھا پائی کا واقعہ رواں ہفتے وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں پیش آیا ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وزیر اعظم عمران خان سے ملنا چاہتے تھے لیکن ان کے آفس کے باہر انہیں وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان نے روک دیا۔

اعظم خان کی جانب سے روکے جانے پر ان کی وزیر خارجہ سے تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد دونوں میں ہاتھا پائی ہوگئی۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر خارجہ نے ہاتھا پائی کے بعد وزیر اعظم عمران خان سے پرنسپل سیکرٹری کے رویے کی شکایت بھی کی۔

دوسری جانب صحافی اسد علی طور نے دعویٰ کیا ہے کہ اس تلخ کلامی کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کو تھپڑ رسید کیا تھا۔

دوسری جانب وزیر اعظم ہاؤس اور دفتر خارجہ کے ذرائع نے تھپڑ مارے جانے کی خبر کو بے بنیاد قرار دیاہے اور کہا ہے کہ ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی وضاحت کی ہے کہ انہوں نے پرنسپل سیکرٹری کو تھپڑ نہیں مارا۔