سشانت سنگھ کی خودکشی، معاملے میں نیا موڑ آ گیا

ممبئی : بالی ووڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی خود کشی کا معاملہ ایک نیا رخ اختیار کرگیا، اداکار کے والد نے اپنے بیٹے کی گرل فرینڈ ریا چکرورتی کیخلاف مقدمہ درج کروا دیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سشانت سنگھ کے والد نے الزام عائد کیا ہے کہ ریا چکرورتی نے ان کے بیٹے کو دھوکہ دیا جس کے بعد اس نے دلبرداشتہ ہو کر خود کشی کرلی۔

سشانت کے والد نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ ریا چکرورتی نے میرے بیٹے کو نہ صرف مالی طور پر بلکہ ذہنی طور پر بھی دھوکا دیا اور اذیت پہنچائی جس کے بعد پولیس نے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اداکار کی خودکشی سے متعلق تحقیقات جاری ہیں، یہ بات سامنے آئی کہ سشانت ڈپریشن کی 2 خطرناک بیماریوں پیرانویا اور بائپولر ڈس آرڈر میں مبتلا تھے۔

پولیس کا مزید کہنا ہے کہ گواہوں سے پوچھ گچھ کے بعد پتا چلا ہے کہ سشانت اپنی مصروفیات کے باوجود بھی خود کو اکیلا محسوس کرتے تھے۔واضح رہے کہ سشانت سنگھ نے 14 جون کو ممبئی میں اپنی رہائش گاہ پر پنکھے سے لٹک کر خودکشی کرلی تھی۔