کورونا وائرس کی ویکسین کی قیمت 6 ہزار 500 روپے سے زائد متوقع

لندن : کورونا وائرس کی ویکسین کی قیمت 6 ہزار 500 سے زائد متوقع۔ تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں پھیلنے والی وبا کورونا وائرس کی ویکسین تیار کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ اس حوالے سے اب اس کی قیمت کا تعین کیا جا رہا ہے۔ ویکسین الائنس کے چیف ایگزیکٹو سیٹھ برکلے نے بتایا ہے کہ کورونا کی ویکسین کی قیمت 6 ہزار 500 روپے سے زیادہ ہو سکتی ہے۔

ان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس ویکسین کی کوئی خاص ہدف قیمت نہیں ہے، ہم امیر اور غریب ممالک کے لئے قیمتوں کا تعین کرنے کی کوشش بھی کر رہے ہیں۔ مزید بات کرتے ہوئے انہوں نے ان تمام خبروں کی تردید کردی ہے جن میں ویکسین کی قیمت کا تعین کیا جا رہا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جو قیمت بتائی جا رہی ہے، یہ سب سے آخری قیمت ہے، ہماری کوشش ہو گی کہ ہم سستی ویکسین بھی بنا سکیں تا کہ غریب ممالک بھی اس سے فائدہ حاصل کر سکیں۔

سیٹھ برکلے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سستی ویکسین کے ساتھ منظرعام پر آنا سب سے مشکل کام ہو گا کیونکہ اس وقت امیر ملک ہو یا غریب، سب کو اس کی ضرورت ہے۔ خیال رہے کہ چین کے شہر وہان سے شروع ہونے والے کورونا وائرس نے اس وقت پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جس کے بعد پوری دنیا کے ماہرین کی جانب سے اس کی ویکسین تیار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

اگر دنیا بھر میں کورونا کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو کورونا وائرس کے کیسز میں دوبارہ تیزی کے بعد دنیا بھر میں حکومتوں نے کئی ایک پابندیاں دوبارہ لگا دی ہیں جن میں ساحلوں کی بندش سے لے کر قرنطینہ کے اقدامات شامل ہیں۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق دنیا بھر میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد بھی چھ لاکھ 52 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

جبکہ کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 57 ہزار 39 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی امریکہ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 42 لاکھ 86 ہزار 663 ہوگئی ہے۔امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید 679 ہلاکتیں ہوئی ہیں جس کے بعد اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ 47 ہزار 588 ہوگئی ہے جبکہ دنیا بھر میں کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد ایک کروڑ 65 لاکھ نو ہزار 902 ہوگئی ہے