بینائی ختم ہوگئی، ٹھیک طرح سے چلنے سے بھی قاصر

گجرات : بینائی ختم ہوگئی، ٹھیک طرح سے چلنے سے بھی قاصر، گجرات جیل میں عمر قید کے 101سالہ قیدی کی رہائی کی اپیل، پنجاب کے علاقے گجرات کی ڈسٹرکٹ جیل میں عمرقید کاٹنے والے 101 سالہ قیدی مہدی خان نےجیل سپرنٹنڈنٹ، پنجاب جیل خانہ جات کے انسپکٹرجنرل مرزا شاہ سلیم بیگ اور پنجاب حکومت سے فوری رہائی کی اپیل کردی ہے۔

مہدی خان نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ ان کی بینائی ختم ہوگئی ہے اور ٹھیک طرح سے چلنے سے بھی قاصر ہیں اور انہیں معمولات زندگی کے لیے بھی انتہائی نگہداشت کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ مہدی خان کو 2006 میں قتل کے مقدمے میں سزا سنائی گئی تھی، بعد ازاں 2009 میں ٹرائل کورٹ نے انہیں بری کیا تھا لیکن مخالف فریق نے فیصلہ لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا تھا۔

مہدی خان کو 2019 میں لاہور ہائی کورٹ نے اس وقت عمر قید کی سز سنائی تھی جب وہ اپنی زندگی کے 100 سال مکمل کرچکے تھے۔ بعد ازاں انہیں جیل منتقل کردیا گیا تھا جہاں وہ سزا کاٹ رہے ہیں جبکہ انہیں متعدد بیماریاں لاحق ہیں، اس لیے انہوں نے خرابی صحت اور طویل عمر کے باعث فوری رہائی کی درخواست کی ہے۔ بزرگ قیدی نے لاہور ہائی کورٹ میں جیل مینوئل کی شق 146 کے تحت قبل از وقت رہائی کے لیے درخواست دی تھی، جس کے تحت سپرنٹنڈنٹ کسی بھی قیدی کو طویل عمر، ضعیفی یا بیماری کی صورت میں جرم کی نوعیت کودیکھتے ہوئے رہائی کی سفارش کرسکتا ہے۔

مہدی خان کے وکیل حمزہ حیدر ایڈووکیٹ نے بتایا کہ جیل انتظامیہ درخواست عدالت میں جمع کرواچکی ہے کہ قیدی علیل ہے اور 100 سے زائد عمر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جیل کا شعبہ قانون بھی کہہ چکا ہے کہ وہ قیدی کو طبی سہولت فراہم کریں گے۔محکمہ داخلہ کو مہدی خان کی درخواست میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کے ساتھ موصول ہوچکی تھی اور اس پر فیصلہ کیا جائے گا۔ گجرات ڈسٹرکٹ جیل کے سپرنٹنڈنٹ ملک لیاقت علی کا کہنا تھا کہ وہ قیدی کو تمام ممکنہ سہولت فراہم کررہے ہیں اور اس وقت بھی عزیز بھٹی شہید ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔