سعودی عرب کا 30جولائی کو حج اور 31کو عید منانے کا اعلان

ریاض : سعودی عرب کی سپریم کونسل نے اعلان کیا ہے کہ حجاج کرام 30 جولائی جمعرات کو مقام عرفات میں وقوف کریں گے جب کہ عید الاضحی جمعہ 31 جولائی کو منائی جائے گی. سعودی عرب کے سرکاری نشریاتی ادارے پر جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 29 ذی قعدہ کو ایک اجلاس منعقد کیا گیا اجلاس میں ذی الحج کا چاند دیکھنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم گزشتہ روز سعودی عرب میں کہیں سے بھی روئیت ہلال کی گواہی نہیں ملی جس کے بعد مملکت میں31 جولائی جمعہ کے روز عید الاضحیٰ کا اعلان کیا گیا ہے.

بیان میں کہا گیا ہے کہ منگل کو ذوالقعدہ کے30 دن مکمل ہوچکے ہیں اور بدھ کو ذی الحجہ کا آغاز ہو گا‘ام القراءکیلینڈر کے مطابق 22 جولائی کو ذی الحج شروع ہو گا 30 جولائی کو وقوف عرفہ اور جمعہ31 جولائی کو عید قربان منائی جائے گی اسی روز حجاج کرام قربانی کریں گے. خیال رہے کہ رواں سال مناسک حج کی ادائی کے لیے محکمہ صحت کی طرف سے کرونا وبا کے خطرے کے پیش نظر صحت پروٹوکول پر سختی سے عمل درآمد کرایا جا رہا ہے.

ادھر سعودی حکومت نے مکہ مکرمہ میں مسجد حرام کے سب سے بڑے دروازے ”باب ملک عبدالعزیز“کو رواں سال حج سیزن کے دوران کھول دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے یہ حرم شریف میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے پیکج میں شامل ایک اہم منصوبہ ہے. مذکورہ فیصلہ مسجد حرام اور مسجد نبوی کے امور کے سربراہِ عام شیخ عبدالرحمن السدیس کی جانب سے باب عبدالعزیز کے کام کا جائزہ لینے کے موقع پر سامنے آیا

اس موقع پر شیخ السدیس نے منصوبے کے انجینئروں اور تمام کارکنوں کی محنت کو سراہا‘شیخ السدیس نے واضح کیا کہ حرمین شریفین کے امور کی جنرل پریذیڈنسی کرونا کے پھیلاﺅکو روکنے اور حجاج بیت اللہ کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر احتیاطی اقدامات اور حفاظتی تدابیر عمل میں لا رہی ہے.

انہوں نے کہا کہ ہم حجاج کرام کے آرام ، سکون اور راحت کو یقینی بنانے کے شدید خواہاں ہیں تا کہ وہ مکمل اطمینان اور سہولت کے ساتھ اپنے مناسک ادا کر سکیں جنرل پریذیڈنسی کی خواہش ہے کہ وہ اللہ کے مہمانوں کی بہترین خدمت کے حوالے سے مملکت کی دانش مند قیادت کی امیدوں اور توقعات پر پورا اترے.

یاد رہے کہ باب ملک عبدالعزیز کے اندرونی اور بیرونی جانب استعمال ہونے والے سنگ مرمر کا حجم 3000 مربع میٹر سے زیادہ ہے میناروں کی تکمیل پر اس کی مجموعی بلندی 137 میٹر ہو گی باب ملک عبدالعزیز کی بلندی 51 میٹر اور اس کی چوڑائی 39 میٹر ہے دروازے میں داخلے کے لیے تین کمانی محرابیں بھی ہیں جن میں ہر ایک کی بلندی 20 میٹر اور چوڑائی 5 میٹر ہے‘دروازے کے کام کے حتمی مراحل کی تکمیل کے لیے 500 کارکنان مصروف ہیں.