کورونا سے صحت یاب ہونے والے مریض دیگر بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے

لاہور : کورونا سے صحت یاب ہونے والے مریض دیگر بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کورونا سے صحت یابی کے بعد اب متاثرہ افراد کو دیگر کئی بیماریوں نے گھیرلیا ہے۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ صحتیاب ہونے والے شوگر، ہائپر ٹینشن اور دل کے امرض میں مبتلا ہورہے ہیں، مریضوں میں پھیپھڑوں کے مسائل بھی رپورٹ ہورہے ہیں، متاثرین کو سر درد اور یاداشت میں کمی کا بھی سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

تاہم اس حوالے سے مزید خدشے کا اظہار کیا جارہا ہے کہ صحت یاب ہونے والے مریض مزید بیماریوں کا شکار ہو سکتے ہیں۔ اس مشکل حالات میں لوگوں کو ہدایت کی جا رہی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ خوش رہنے کی کوشش کریں اور جتنا زیادہ ہو سکے خود کو صحت مند رکھیں۔

خیال رہے کہ پوری دنیا کی طرح پاکستان بھی کورونا وائرس کی لپیٹ میں آگیا تھا جس کے بعد اب پاکستان میں کورونا کی صورتحال میں بہتری آتی ہوئی نظرآرہی ہے۔

ملک بھر میں اگر کورونا کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا وائرس سے متعلق تازہ ترین اور مصدقہ اعداد و شمار جاری کردیئے ہیں، 2 لاکھ 8 ہزار30 کورونا وائرس کو شکست دیکر مکمل صحت یاب ہو چکے ہیں۔ این سی او سی کے مطابق اس وقت ملک بھر میں 52ہزار 427کورونا ایکٹو کیسز ہیں۔

آزاد کشمیر اور بلوچستان میں کوئی مریض وینٹیلیٹرپر نہیں ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 17 ہزار787 ٹیسٹ کیے جن میں 1087 نئے مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، مزید 40کورونا مریض انتقال کر گئے، ملک بھرمیں کورونا سے جاں بحق افرادکی تعداد 5 ہزار 639 ہوگئی۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والے ٹیسٹوں میں سندھ کے 7069، پنجاب کی7003، کے پی کے کی1845، اسلام آباد کے 1452، بلوچستان کی104 ، گلگت بلتستان کے 63 اور آزاد کشمیر کے 247 ٹیسٹ شامل ہیں۔ ملک کے مختلف حصوں میں 1825 وینٹیلیٹرز کورونا مریضوں کے لیے مختص کیے گئے ہیں،261مریض وینٹی لیٹر پر ہے۔ اب تک ملک بھر میں کورونا کے مجموعی متاثرین کی تعداد 2 لاکھ 66 ہزار 96 ہے ۔ ملک کے 733 ہسپتالوں میں 2434 کورونا مریض زیر علاج ہیں۔