ڈویثرنل کمشنربہاول پور کا عیدالاضحیٰ بارے اجلاس

بہاول پور(ڈویثرنل بیوروچیف نوائے جنگ ایم اقبال انجم سے)
کمشنر بہاول پور ڈویژن آصف اقبال چوہدری کی زیر صدارت عید الالضحیٰ کے
انتظامات کو حتمی شکل دینے کے حوالہ سے کمشنر آفس بہاول پور کے کانفرنس روم میں جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں تینوں اضلاع کے انتظامی افسران سمیت دیگر متعلقہ محکمہ جات کے افسران موجود تھے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ عید الالضحیٰ کے موقع پر ڈویژن بھر میں 49مقامات پرمویشی منڈیاں لگائی جائیں گی اور طے شدہ سیل پوائنٹس کے علاوہ دیگر جگہوں پر جانوروں کی خریدوفروخت کے لئے مجمع لگانے کی ممانعت ہو گی۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن آصف اقبال چوہدری نے ہدایت کی کہ مویشی منڈیوں میں کورونا وائرس سے تحفظ کے لئے طے شدہ احتیاطی تدابیراور ایس او پیز پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔انہوں نے انتظامی افسران کو ہدایت کی کہ مویشی منڈیوں میں صفائی ستھرائی کا خصوصی طور پر خیال رکھا جائے اورفیس ماسک پہنے بغیر کسی بھی شخص کو منڈیوں میں داخلے کی اجازت نہ دی جائے۔نیز طے شدہ سیل پوائنٹس پر میڈیکل کیمپ کے علاوہ جانوروں کی دیکھ بھال کے لئے وٹرنری کیمپ بھی لگائے جائیں اور منڈیوں میں آنے والے جانوروں پر چیچڑ مار سپرے بھی کرایا جائے تاکہ دیگر متعدی امراض سے محفوظ رہا جا سکے۔کمشنر بہاول پور ڈویژن نے کہا کہ احتیاط علاج سے بہتر اور کورونا وائرس جیسی وائرل وبا سے صرف احتیاطی تدابیر اختیار کر نے سے ہی بچاؤ ممکن ہے۔