امریکی میڈیا نے مودی حکومت کا پول کھول دیا

نیویارک،نئی دہلی : امریکی میڈیا نے مودی سرکارکا پول کھول دی،امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے انکشاف کیا ہے کہ لاک ڈاؤن میں بھارت کا ہیلتھ سسٹم کورونا کے دباؤ میں آکر تباہ ہوگیاہے۔ اخبار نے لکھا ہے کہ دلی میں حاملہ خاتون کو 15 گھنٹوں میں 8 ہسپتالوں نے داخل کرنے سے انکار کر دیا جس سے اس کی موت ہو گئی۔

ہیلتھ سسٹم کی تباہی حاملہ خاتون نیلم کماری کے ‘قتل’ کی وجہ بن گیا۔ نیلم کا شوہر اسے لے کر ہسپتالوں کے چکر لگاتا رہا، مسلسل ہسپتال کی تلاش میں نیلم کماری اور اُس کے ہونے والے بچے نے زندگی کی بازی ہار دی۔

نیلم کے شوہر کا کہنا تھا ڈاکٹرز اس کی مدد ہی نہیں کرنا چاہتے تھے۔ نیویارک ٹائمز نے لکھا ہے نیلم کماری کا شوہر حاملہ بیوی کو لے کر دربدر بھٹکتا رہا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق نیلم کماری ہسپتال انتظامیہ اور عملے کی غفلت کی وجہ سے موت کا شکار ہوئی۔ نیلم کماری تنہا نہیں مری ایسی بہت سی خواتین بھارتی شہر حیدر آباد اور مقبوضہ کشمیر میں ایسی ہی غفلت سے موت کی وادی میں جا رہی ہیں۔

اخبار نے لکھا ہے دلی کے ہسپتال مریضوں سے بھر چکے ہیں اور طبی عملہ کورونا متاثرین کو ٹریٹ کرنے سے خوف زدہ ہیں۔

خیال رہے بھارت میں کورونا کے کیسز کی مجموعی تعداد 4لاکھ 40ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ 14,011افراد موت کے منہ میں جاچکے ہیں۔