نوبیاہتا شاہ رخ کو قتل کرنے کے بعد ملزم کیا کرتا رہا، گرفتار ملزم کے اہم انکشافات

کراچی: کراچی کے علاقے کشمیر روڈ پر والدہ اور بہن کے سامنے نوجوان شاہ رخ کے قتل کے واقعے میں گرفتار ملزم عمران نے ابتدائی تفتیش میں اہم انکشافات کیے ہیں۔اے آر وائی نیوز کے مطابق سیکشن 54کی بنیاد پر گرفتار ملزم نے بیان میں کہا کہ فرزند نے مجھے سستا اسلحہ دلانے کا وعدہ کیا تھا،میں فرزند جعفری کے ساتھ کشمیر روڈ سے جا رہا تھا کہ اس نے رکشہ دیکھ کر اچانک سے راستہ تبدیل کر دیا۔

ملزم نے بتایا کہ میں نے کہا ہم نے تو یہاں نہیں جانا تھا۔اس نے کہا کام ہے،یقیناَ اُس نے رکشے میں خواتین کو سونے کے زیورات پہنے دیکھا ہو گا،فرزند نے مجھے کہا کہ اترو اور خود رکشے کے پیچھے چلا گیا۔عمران نے تفتیشی افسر کو بیان دیا کہ جب فرزند واپس آیا تو اس کا چہرہ چھپا ہوا تھا، میں نے پوچھ منہ کیوں چھپایا ہے۔

فرزند جعفری نے کہا مجھے سردی لگ رہی ہے چلو، جس کے بعد ہم وہاں سے پہلے صدر میں اسلحے کی دکان پر گئے، صدر مارکیٹ سے اورنگی ٹاؤن میٹروول اسلحہ شاپ پر گئے،اسلحہ کی دکان پر پہنچتے ہی فرزند نے جیکٹ اتار دی ، میں نے پوچھا کیا ہوا تو کہا گرمی لگ رہی ہے ، میں حیران ہو گیا، اس دوران وہ انتہائی اطمینان سے بیٹھا رہا، اسے دیکھ کر بالکل نہیں لگ رہا تھا جیسے کچھ ہوا ہو۔

ملزم نے مزید بتایا کہ جب وہاں سے گھر چلا گیا تو ٹی وی پر خبر دیکھی ، تب یقین ہو گیا کہ یہ واردات فرزند جعفری نے کی ہے۔خیال رہے کہ کراچی میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر نوبیاہتا نوجوان شاہ رخ کو قتل کرنے والے مبینہ ملزم نے گرفتاری سے قبل خودکشی کر لی تھی۔سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ایسٹ قمر رضا جسکانی کے مطابق شاہ رخ قتل کیس میں ایک مشتبہ ملزم علی فرزند جعفری کی گرفتاری کے لیے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کی پولیس پارٹی نے گلشن اقبال بلاک 7 میں ایک ریسٹورنٹ پر چھاپہ مارا۔

چھاپے کے دوران پولیس کو دیکھ کر ملزم نے اچانک اپنا پستول نکال کر کنپٹی پر رکھ کر خود کو گولی مار لی۔بتایا گیا ہے کہ متوفی شعبہ انویسٹی گیشن پولیس کا سپاہی تھا جو ڈسٹرکٹ ویسٹ میں تعینات تھا۔ پولیس کے مطابق خود کو قتل کرنے والے پولیس اہلکار کو سی سی ٹی وی کی مدد سے شناخت کیا گیا۔ملزم کی مختلف زاویوں اور کیمروں سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی گئی تھی، جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزم کی گلشن اقبال میں موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں