برازیل میں ڈیم ٹوٹنے سے 9 افراد ہلاک، 300 لاپتہ

ریو ڈی جنیرو: برازیل میں ڈیم ٹوٹنے سے پانی مقامی آبادی کو بہا لے گیا جس کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ 300 افراد لاپتہ ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق برازیل کی جنوب مشرقی ریاست میناس جیرائس کے علاقے برومڈینو میں واقع خام لوہے کی کان کے نزدیک ڈیم کیچڑ کے سیلاب کی زد میں آکر ٹوٹ گیا۔

مٹی کے سیلاب نے ڈیم کے کیفے ٹیریا کو تباہ کردیا، کینٹن میں عملہ کھانا کھا رہا تھا، تمام افراد سیلاب اور ڈیم کے پانی میں بہہ گئے۔ 9 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے جب کہ 300 افراد لاپتہ ہیں۔

ضرور پڑھیں   سری لنکا میں برقع اور نقاب پر پابندی پرغور

ریسکیو ٹیم نے بھاری مشینری کے ذریعے امدادی کاموں کا آغاز کردیا ہے، 8 افراد کو زخمی حالت میں اسپتال لایا گیا ہے جب کہ لاپتہ افراد کی تلاش کا کام جاری ہے تاہم ان افراد کے ملنے کی امیدیں دم توڑ رہی ہیں۔

واضح رہے کہ یہ ڈیم برازیل کی کان کنی کی سب سے بڑی کمپنی ویل کی ملکیت ہے، ہلاک اور لاپتہ ہونے والوں میں زیادہ تر افراد کمپنی کے عملے کے اراکین ہیں۔