کراچی : گھر میں گھسنے والے ڈاکو کروڑوں کا سامان ہونے کے باوجود خالی ہاتھ لوٹ گئے

کراچی : صوبہ سندھ کے داراحکومت کراچی میں گھر میں گھسنے والے ڈاکو کروڑوں کا سامان ہونے کے باوجود خالی ہاتھ واپس لوٹ گئے۔ تفصیلات کے مطابق شہر قائد کےعلاقے گلشن معمار کے ایک گھرمیں قیمتی سامان کے باوجود کچھ نہیں لوٹا گیا ، جس کی بناء پر مکان میں ملزمان کے گھسنے کا معاملہ مشکوک ہوگیا اور پولیس نے حقائق جاننے کیلئے مزیدتحقیقات شروع کردیں ، معاملہ پُراسرارہونے پر ایس ایس پی ویسٹ سہائے عزیزمعاملے کا جائزہ لینے خود جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ گھر والوں کی جانب سے ملزمان کے گھسنے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری بمعہ 20 کمانڈوز موقع پر روانہ کی جبکہ ریپڈ رسپانس فورس اور بکتر بند گاڑی بھی بھیجی گئیں ، 4 تھانوں کے ایس ایچ اوز موقع پرفوری پہنچے اور پورے گھر کو مکمل طور پر گھیرے میں لیا گیا اس دوران مکین مسلسل گھر کے اندر سے فون کر کے پولیس کو بلاتے رہے ، پولیس کو کہا گیا ملزمان نے سب کو کمرے میں بند کر دیا گیا ہے لیکن جب دروازہ کھولاگیا تو اندر کوئی بھی موجود نہیں تھا ناصرف یہ بلکہ گھرمیں قیمتی سامان ہونے کے باوجود ملزمان کی جانب سے کچھ بھی نہیں لوٹا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ ملزمان مہران کار اور موٹر سائیکل پر آئے تھے جو کہ مکان کے اندر کافی دیر تک موجود رہے، جن کی تعداد اہلخانہ نے 10سے زائد بتائی تاہم پولیس کی معلومات کے مطابق ملزمان کی تعداد 6 تھی ، جس کی بناء پر معاملہ مشکوک ہوگیا ہے اور اس کی مزید تحقیقات کی جائیں گی
۔ دوسری طرف کراچی کے علاقہ کلفٹن میں ڈکیتی کی ایک بڑی واردات ہوئی جہاں چوروں نے سُنار کی دکان کا صفایا کردیا اور 10 سے 12 کلو سونا لے اُڑے لیکن اب اس ڈکیتی کی واردات کا ڈراپ سین ہو گیا ، ڈکیتی کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں چور کا پتہ چل گیا، گلف شاپنگ مال میں سُنار کی دکان میں نقب زنی کی واردات پر پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے مدعی آصف کو اس کے ساتھی وسیم سمیت گرفتار کر لیا۔

پولیس نے آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع تجارتی مرکز میں کارروائی کرتے ہوئے ملزمان سے چوری شدہ 3 کلو سونا بھی برآمد کر لیا، پولیس کے مطابق ملزم آصف نے خود اپنی دکان سے سونا غائب کر کے نقب زنی کا ڈرامہ رچایا تھا۔ ساؤتھ انویسٹی گیشن پولیس نے کہا کہ 3 کلو سونا آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع تجارتی مرکز سے چھاپے کے دوران ملا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں