حکومت کا ایک کروڑ افراد کو کورونا ویکسین لگوانے کا ہدف مکمل

اسلام آباد : حکومت نے ایک کروڑ افراد کو کورونا ویکسین لگانے کا ہدف مکمل کر لیا۔ ایک کروڑ افراد کو کورونا ویکسین لگوائے جانے کے حوالے سے وفاقی دارالحکومت میں تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا۔ تقریب سے خطاب میں اسدعمر نے کہا کہ آج ملک میں ایک کروڑ افراد کو ویکسین لگ چکی ہے۔ ملک بھر میں تین سے ساڑھے تین لاکھ افراد کی رجسٹریشن روزانہ کی بنیاد پر ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دسمبر تک7 کروڑ افراد کو ویکسین لگانے کا ہدف ہے۔ لوگ روزانہ کی بنیاد پر رجسٹریشن کروا رہے ہیں اور ملک بھر میں روزانہ بڑی تعداد میں ویکسی نیشن کی جا رہی ہے۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جلد ویکسین لگوا لیں۔ وفاقی وزیربرائے منصوبہ بندی اوراین سی اوسی کے سربراہ اسد عمرنے کہا کہ انشاء اللہ آج ملک میں اب تک ہونے والی کورونا ویکسینیشن کی تعداد ایک کروڑسے تجاوزکرجائے گی۔

الحمدللہ لوگ رجسٹرڈ بھی ہورہے ہیں اورویکسین بھی بڑی تعداد میں لگائی جا رہی ہیں۔ اسد عمرنے عوام سے ایک بار پھراپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگرآپ نے ابھی تک نہیں لگوائی توجلد ہی لگوائیں۔ خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا کیسز کی شرح میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔ عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں مزید 77اموات اور 1 ہزار118 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

ملک میں کورونا کیسز کی شرح2.54 فیصد ہو گئی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں اموات کی مجموعی تعداد 21 ہزار453 تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 9 لاکھ 36ہزار131ہے۔ ملک بھرمیں ایکٹو کیسز کی تعداد 44ہزار987 ہے اور8لاکھ 69 ہزار691 افراد کورونا سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔ دوسری جانب ملک بھر میں ایڈلٹ ویکسینیشن مراکز قائم کیے جا چکے ہیں اور ویکسینیشن کا تمام تر عمل ڈیجیٹل میکنزم سے کنٹرول کیا جارہا ہے۔

ویکسینیشن کے لیے پنجاب میں 189 اور سندھ میں 14 مراکز قائم کیے گئے ہیں جبکہ خیبر پختونخوا میں 280، بلوچستان میں 44 اور اسلام آباد میں 14 ویکسینیشن سینٹر قائم کیے جا چکے ہیں۔ آزاد کشمیر میں 25 اور گلگت بلتستان میں بھی 16 مراکز کے ذریعے ویکسینیشن کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب حکومت نے مزید ایک ارب ڈالر کی کورونا ویکسین خریدنے کا فیصلہ بھی کر لیا ہے۔ سربراہ این سی او سی اسد عمر کا کہنا ہے کہ اب تک 25 کروڑ ڈالر مالیت کی ویکسین خریدی جاچکی ہے، معیشت کو بندشوں سے نکالنے کیلئے عوام کی ویکسی نیشن ضروری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں