کورونا کا شکار 24 سالہ جڑواں بھائی چند گھنٹوں کے فرق سے چلے بسے

دہلی : کورونا وائرس کا شکار ہونے والے 24 سالہ جڑواں بھائی چند گھنٹوں کے فرق سے ہلاک ہو گئے۔تین منٹ کے فرق سے پیدا ہونے والے دونوں بھائیوں نے اپنی مختصر سی زندگی میں سب کچھ مل کر کیا۔دونوں نے کورونا وائرس کا مقابلہ بھی ایک ساتھ کیا اور بالآخر اس جنگ سے لڑتے لڑتے ایک ساتھ ہی اس دنیا سے رخصت ہو گئے۔دونوں بھائی تیرہ اور چودہ مئی کو دلی کے قریب ایک گاؤں میں اس بیماری کا شکار ہونے کے بعد موت کے منہ میں چلے گئے تھے۔

نوجوانوں کے والد کا کہنا ہے کہ عام طور پر اگر ایک بھائی کو کوئی بیماری ہوتی تو کچھ دیر بعد ہی دوسرا بھی اس میں مبتلا ہو جاتا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ جب ایک بیٹے کی موت کی خبر ملی تو اپنی اہلیہ سے کہا کہ دوسرا بیٹا بھی گھر اکیلے نہیں لوٹے گا۔

دونوں بھائیوں کو پہلے بخار ہوا تھا لیکن طبیعت زیادہ خراب ہونے پر ڈاکٹر نے اسپتال میں داخل کرنے کا مشورہ دیا۔

یکم مئی کو دونوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا لیکن جلد ہی وہ صحت یاب ہونا شروع ہو گئے اور ڈاکٹروں نے انہیں آئی سی یو سے شفٹ کرنے کا فیصلہ بھی کر لیا تھا لیکن پھر اچانک 13 مئی کو کو میری بیوی کو فون آیا کہ ہماری دنیا تباہ ہوگئی ہے۔دونوں بھائی بیرون ملک جانے کا ارادہ رکھتے تھے اور والدین سے وعدہ کیا ہوا تھا کہ ہم ان کی زندگی کو بہت خوبصورت بنائیں گے۔

دوسری جانب نئی دہلی میں قائم انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران 244 ڈاکٹروں کی موت ہوئی ہے اور صرف اتوار کے روز وائرس سے 50ڈاکٹر ہلاک ہوگئے۔کشمیری میڈیا سروس کے مطابق ڈاکٹروں کی سب سے زیادہ 69اموات بھارتی ریاست بہارمیںہوئی ہیں جبکہ اترپردیش میں34 اور دہلی میں 27 ڈاکٹر وائرس کی نذر ہوگئے ہیں۔

انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر جے یش لیلی نے ایک میڈیا انٹرویو میں کہا کہ یہ بہت بدقسمتی ہے کہ ہم نے اتوار کے روز بھارت بھر میں 50 ڈاکٹر کھودیے اور اپریل کے پہلے ہفتے کے بعدوبا کی دوسری لہر کے دوران 244 ڈاکٹروں سے محروم ہوئے۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم اے کو معلوم ہوا ہے کہ بہت سے ڈاکٹروں نے ویکسین نہیں لی ہے اور تنظیم اس بات کو یقینی بنائے گی کہ تمام ڈاکٹرجو فرنٹ لائن پر ہیں وہ ویکسین لیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں