کرونا وائرس کے خلاف برسرپیکارڈاکٹروپیرامیڈیکل سٹاف قومی ہیرو ہیں ،کمشنر بہاول پور

بہاولپور( ایم اقبال انجم ڈیوثرنل بیورو چیف نوائے جنگ )کمشنر بہاول پور ڈویژن آصف اقبال چوہدری نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف برسرپیکار ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل سٹاف سمیت دیگر طبی عملہ کے افراد قومی ہیرو ہیں اور ان کی حفاظت کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی طرف سے ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل سٹاف کے لئے پرسنل پروٹیکشن ایکوپمنٹ(پی پی ای)ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹررانا یوسف اور ایم ایس بہاول وکٹوریہ ہسپتال ڈاکٹر عزیز الرحمن کے حوالہ کرتے ہوئے کیا۔ تفصیلات کے مطابق این ڈی ایم اے کی طرف سے کورونا سے برسر پیکار ڈاکٹرزو میڈیکل سٹاف کے لئے بھجوائی گئی حفاظتی کٹس ملٹری ٹیم نے کمشنر بہاول پور ڈویژن اور ضلعی انتظامیہ کے افسران کے حوالہ کیں۔کمشنر بہاول پور ڈویژن نے بتایا کہ ان حفاظتی کٹس میں 1197این 95ماسک، 865گاؤن، 348حفاظتی چشمے، 1537حفاظتی لباس، 1077شو کورز، 1176ٹوپیاں، 16986دستانے اور 310فیس شیلڈز شامل ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حفاظتی کٹس بہاول وکٹوریہ ہسپتال، سول ہسپتال بہاول پور اور شیخ زید ہسپتال رحیم یار خاں کے ڈاکٹرز و سٹاف کو فراہم کر دی گئی ہیں۔ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر رانا یوسف اور ایم ایس بہاول وکٹوریہ ہسپتال ڈاکٹر عزیز الرحمن نے پی پی ای کٹس کمشنر بہاول پور ڈویژن آصف اقبال چوہدری سے وصول کیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بہاول پور شوزب سعید، ملٹری افسران، ایڈیشنل کمشنر رابطہ آفتاب احمد پیرزادہ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر غلام عباس، ڈاکٹر ذاکر علی اور ڈاکٹر حامد سمیت دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں