شیخ رشید کی عید سے قبل بڑے سیاسی معجزے کی پیشگوئی

اسلام آباد:عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے عید سے قبل بڑے سیاسی معجزے کی پیشگوئی کر دی۔انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ آج اعلان کرتا ہوں کہ آئندہ الیکشن بھی لڑوں گا اور سیاست بھی کروں گا۔اگر اس ملک کو آگے لے کر جانا ہے تو انتخابات کروانے ہوں گے۔

سابق وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ میری پیشنگوئی ہے عید سے پہلے پہلے کوئی معجزہ ہو گا، 29 اپریل سے قبل انشاء اللہ معجزہ ہو گا۔قبل ازیں لال حویلی میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان سے اسمبلیاں توڑنے کی درخواست کی تھی، آج عمران خان سے کہا اسمبلیوں سے استعفے دے دو، آج تمام چور اکٹھے ہوگئے ہیں، جس شخص پر کل فرد جرم لگنی ہے وہ وزیراعظم بننے جا رہا ہے، یہ پاکستان کے اوپر دھبہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ راولپنڈی غیرت مندوں اور وفاداروں کا شہر ہے، عمران خان کے ساتھ کھڑے ہونے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں، عمران خان کیساتھ کھڑا ہوں اور کھڑا رہوں گا، غریب چور کی 10 سال ضمانت نہیں ہوتی، آج لندن میں بہت بڑا مظاہرہ ہوا، اس مہینے میں نقشہ بدلے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج راہول گاندھی نے ٹویٹ کیا اور مودی کو کہا کہ جو قوم 10 ارب میں بک جاتی ہے اس کے لیے تم نے فالکن جہاز لیے، جو لندن سے بیٹھ کر فوج کو گالیاں دیتا تھا وہ غدار ہے، لال حویلی چوروں کیخلاف لال قلعہ بننے جا رہی ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ بلاول بھی کراچی سے نکلا تھا میں بھی کراچی سے نکلوں گا، رات کی تاریکی میں فیصلہ نہیں کرنے دیں گے، آج ن لیگ، پیپلزپارٹی والے کیسز کی فائلیں بدلتے رہے ہیں، چیف الیکشن کمشنر کہتا ہے کہ 3 ماہ میں الیکشن نہیں ہوسکتے، قربان جاؤ، ملک میں خانہ جنگی کے حالات پیدا ہو چکے ہیں، آرمی چیف سے فوری انتخابات کا مطالبہ کرتا ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں