وزیراعظم عمران خان نے دھمکی آمیز خط کابینہ ارکان کو دکھا دیا

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس جاری ہے۔وزیراعظم عمران خان نے دھمکی آمیز خط کابینہ ارکان کو دکھا دیا۔وزیراعظم عمران خان کابینہ ارکان کو خفیہ خط پر بریفگنگ دی،انہوں نے کہا کہ خط پر قومی سلامتی کے اداروں کے سربراہان کو بھی اعتماد میں لیا ہے۔ وزیراعظم نے ارکان کو آگاہ کیا کہ میرے خلاف عالمی سازش کی گئی ہے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ خط میں کہا گیا ہے کہ تحریک عدم اعتماد ناکام ہوئی تو پاکستان کو زیادہ نقصان ہو گا۔انہوں نے کہا کہ میں نے ہر مشکل وقت کا ڈٹ کا مقابلہ کیا۔ قبل ازیں اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے دھمکی آمیز خط اتحادی جماعتوں اور سینئر صحافیوں کو دکھانے کا اعلان کیا تھا ، انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں خط کو ڈرامہ قرار دے رہی ہیں ، آج سینئر صحافیوں کو خط دکھاؤں گا ، خط میں واضح ہے کہ یہ بیرونی سازش ہے، خط اتحادی جماعت کے ایک ایک رکن کو بھی دکھاؤں گا ، اتحادیوں کو خط دکھاؤں گا کہیں ایسا نہ ہو کہ وہ انجانے میں بیرونی سازش کا حصہ بن جائیں ، خط دکھانے کا مقصد ہی یہ ہوگا کہ یہ اس بیرونی سازش سے بچ جائیں ، لوگوں نے جو فیصلہ کرنا ہے کرلیں ۔

وزیراعظم نے کہا کہ سیاسی بحران تو ملکوں میں آتے رہتے ہیں ، عدم اعتماد کی تحریک آئینی طریقہ ہے لیکن یہ عدم اعتماد کی تحریک پاکستان کے خلاف سازش ہے ، عدم اعتماد کی یہ سازش باہر سے کی گئی ، ہم نے قربانیاں دیں لیکن بجائے ہمدردی کے ہم پر تنقید کی گئی۔جبکہ دوسری جانب سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان آخری بال تک لڑنے والے کھلاڑی ہیں ، استعفیٰ نہیں ملے گا میدان لگے گا ، دوست بھی دیکھیں گے اور دشمن بھی دیکھیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں