66

بزدل اور خوف زدہ حکومت ہمیں نہیں ڈرا سکتی، بلاول بھٹو زرداری

Spread the love

کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہم نے ضیاء، مشرف اور ایوب کی آمریت کا مقابلہ کیا یہ بزدل اور خوفزدہ حکومت ہمیں نہیں ڈرا سکتی۔

آصف زرداری کی گرفتاری کے بعد پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ یہ نیا پاکستان نہیں سینسر پاکستان ہے، ملک کے جمہوری، انسانی اور معاشی حقوق پر حملے کیے جا رہے ہیں، پہلے اسپیکر سندھ اسمبلی کے گھر پر حملہ ہوا، سندھ کے کارکنوں پر اسلام آباد میں تشدد کیا گیا، قومی اسمبلی کے ارکان اسمبلی کو گرفتار کیا گیا اور گرفتار ارکان اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کیے گئے، عدلیہ پر سازش کےتحت حملہ کیا گیا، آج سابق صدر آصف زرداری کے ساتھ جو ہوا سب کے سامنے ہے۔

ضرور پڑھیں   چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیخلاف تحاریک عدم اعتماد ناکام

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ جتنے بھی سنگین الزام ہوں پاکستان کے ہر شہری کا فیئر ٹرائل ہو، ہر شہری کو آئین کے آرٹیکل 10 اے کے تحت فیئر ٹرائل کا حق حاصل ہے لیکن آج پھر سے فیئر ٹرائل انڈر مائن کیا گیا، نیب کی ٹیم بنا عدالتی فیصلے کے آصف زرداری کو گرفتار کرنے آئی۔
چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی بھی جانبدار ہیں، قومی اسمبلی کے دوسرے اجلاس میں بھی مجھے بولنے کی اجازت نہیں دی گئی مجھے قومی اسمبلی کے اجلاس میں بولنے کی اجازت ملنی چاہیے، جو رویہ ضیاء الحق اور مشرف کی اسمبلی میں نہیں دیکھا وہ نئے پاکستان کی اسمبلی میں دیکھ رہے ہیں، میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے رویے کی مذمت کرتا ہوں اور مطالبہ کرتا ہوں کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر فوری طور پر اپنے عہدے سے استعفٰی دیں۔

ضرور پڑھیں   او آئی سی اجلاس؛ اسلاموفوبیا پھیلانے والوں کو دہشتگرد قرار دیا جائے، پاکستان

بلاول کا کہنا تھا کہ آمرانہ دور کی طرح آج بولنے کی اجازت ہے نہ عدلیہ آزاد فیصلے کر رہی ہے لیکن ہم نے ضیاء، مشرف اور ایوب کی آمریت کا مقابلہ کیا ہے، یہ بزدل اور خوفزدہ حکومت ہمیں نہیں ڈرا سکتی، اسپیکرقومی اسمبلی سے پوچھنا تھا کہ تشدد کی دھمکیوں سے کیسے ڈرائیں گے؟ تشدد، جیلوں اور موت سے اس بچے کو کیسے ڈرائیں گے؟

قبل ازیں بلاول بھٹو زرداری نے درخواست ضمانت مسترد ہونے پر کارکنان سے پرامن رہنے کی اپیل کی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ جیالے اشتعال میں نہ آئیں، متنازع عدالتی فیصلوں کوعوام نے کبھی قبول نہیں کیا اور ہم نے ہمیشہ عدالتوں میں اپنی بے گناہی کوثابت کیا ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جانب دارانہ عدالتی فیصلوں کے باوجود قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں