32

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کا دوسرا دن ختم، جنوبی افریقا نے6 وکٹوں پر 382 رنز بنا لیے

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں دوسرے دن کھیل کے اختتام پر جنوبی افریقا نے اپنی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں پر 382 رنز بنا لیے اور اسے پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں 205 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

میزبان ٹیم نے آج اپنی نا مکمل اننگز 123 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ سے آگے بڑھائی تو 26 رنز کے اضافے کے ساتھ ہاشم آملہ اور بریون پویلین لوٹ گئے، دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد کپتان ڈوپلیسی اور باووما نے 156 رنز کی اہم شراکت داری قائم کرکے بڑے اسکور کی بنیاد رکھی، باووما 75 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

پروٹیز کپتان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری بنائی اور ڈی کوک کے ساتھ مل کر 51 رنز کی پارٹنرشپ جوڑی، ڈوپلیسی 103 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے، انہیں بھی شاہین آفریدی نے آؤٹ کیا۔
آج جب کھیل ختم ہوا تو ڈی کوک 55 اور فلینڈر نے 6 رنز بنا لیے تھے، پورے دن کے کھیل میں قومی بولرز صرف 4 وکٹیں حاصل کرسکے۔

گزشتہ روز پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں صرف 177 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی، سرفراز احمد 56 اور شان مسعود 44 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے تھے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے اولیویئر نے 4، اسٹین 3، رباڈا نے 2 اور فلینڈر نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں