کورونا کیسز میں کمی ، پنجاب حکومت نے لاک ڈاؤن میں کمی سے متعلق بڑا فیصلہ کر لیا

لاہور : پنجاب حکومت نے کورونا وائرس کے کیسز میں کمی کے بعد لاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے 26 اضلاع میں سوئمنگ پولز اور پارکس کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے اور اس حوالے سے نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ ترجمان محکمہ صحت پنجاب کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے کورونا وائرس ٹاسک فورس کی منظوری کے بعد پارکس، سوئمنگ پولز اور واٹر اسپورٹس کی اجازت دے دی گئی ہے۔

سیکریٹری صحت پنجاب سارہ اسلم نے فیصلے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کیا جس میں کہا گیا کہ سوئمنگ پولز اور پارکس کھولنے کی اجازت کورونا کیسز کی شرح میں واضح کمی کے بعد دی گئی ہے۔ سیکریٹری ہیلتھ کیئر پنجاب سارہ اسلم کا کہنا تھا کہ پارکس، سوئمنگ پولز اور واٹر اسپورٹس کے دوران ایس او پیز پر عمل درآمد کروانا لازمی ہوگا جب کہ تفریحی سرگرمیوں کی 50 فیصد رش کے ساتھ اجازت ہوگی۔

سیکریٹری صحت پنجاب نے مزید کہا کہ صوبہ بھر میں ان ڈور ڈائیننگ کی اجازت تاحال نہیں ہوگی۔ اس حوالے سے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ اب ہم اس اپوزیشن میں ہیں کہ آہستہ آہستہ ادارے کھول رہے ہیں واٹر اسپاٹ، سوئمنگ پول کھولنےکی اجازت دےدی ہے، سینما اور تھیٹر بند ہیں اس پر فیصلہ کرنا باقی ہے، تمام کمرشل نقل و حرکت پر رات آٹھ بجے کے بعد پابندی عائد ہے۔ واضح رہے کہ پہلے کے مقابلے میں کورونا کیسز کی تعداد اور اس کے نتیجے میں اموات کی شرح میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ کورونا کیسز میں کمی ہونے کی وجہ سے ہی لاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس وقت لاہور میں کورونا کی شرح 1٫5 فیصد آئی ہے، جتنے مریض داخل ہو رہے ہین اتنے ہی گھروں کو جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں