کراچی میں بین الاقوامی دفاعی نمائش ‘آئیڈیاز 2018’ کا آغاز

کراچی: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ہتھیار برائے امن، بین الاقوامی دفاعی نمائش ’آئیڈیاز 2018‘ کا باقاعدہ افتتاح کردیا ہے۔

ایکسپو سینٹر کراچی میں جاری دفاعی ساز و سامان کی بین الاقوامی نمائش ’آئیڈیاز2018‘ کاباقاعدہ افتتاح صدر مملکت عارف علوی نے کیا۔ تینوں مسلح افواج کے سربراہان بھی نمائش کے دوران موجود ہیں جب کہ وزیر اعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ رہے ہیں ، اس دوران وہ بھی نمائش میں شرکت کریں گے۔

4 روزہ نمائش میں 52 ممالک کے 260 مندوبین جب کہ 14 ممالک اپنے دفاعی سازوسامان کے ساتھ بھرپور انداز میں شریک ہیں ، اس کے علاوہ 6 ممالک کے ایئر چیفس بھی دفاعی نمائش میں شرکت کررہے ہیں۔ 30 نومبر تک جاری رہنے والی اس نمائش کے دوران مختلف سیمینارز کا بھی انعقاد کیا گیا ہے۔
ڈیفنس ایکسپورٹ پرموشن آرگنائزیشن کے مطابق رواں برس گزشتہ برسوں کے مقابلے میں کچھ ممالک کا اضافہ ہوا ہے جن کے دفاعی وفود بھی نمائش میں شریک ہیں، نمائش میں ملکی اور غیرملکی کمپنیوں کے 500 اسٹالز لگائے گئے ہیں، جس کے ذریعے پاکستان اوردنیا بھر کے ممالک کے درمیان دفاعی صنعت، کاروبار اور تعاون کو فروغ حاصل ہوگا۔ دفاعی نمائش میں پاکستان ایئر فورس کے اسٹال کے علاوہ پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کا اسٹال بھی لگایا گیا ہے جبکہ جے ایف 17 تھنڈر، سپر مشاق اور پاک فضائیہ کے تیارکردہ ڈرونز اور مختلف قسم کے سیمولیٹرز بھی نمائش میں پیش کئے گئے ہیں۔ آئیڈیاز 2018 کے دوران مختلف ممالک سے دفاعی معاہدوں کی یاداشتوں پر دستخط کا بھی امکان ہے۔

4 روزہ نمائش کے دوران ایکسپو سینٹر میں تینوں مسلح افواج کے نمائندے اپنی پیشہ ورانہ تربیت کا مظاہرہ بھی کریں گے جبکہ سی ویو نشان پاکستان پر عام شہریوں کے لیے ایئر شو کا انعقاد بھی کیا جائے گا، دفاعی نمائش کے حوالے سے خصوصی ڈاک ٹکٹ کا اجرا بھی کیا گیا ہے۔

ٹریفک پلان :
نمائش کے دوران ٹریفک کی صورت حال کو بہتر رکھنے کے لیے خصوصی پلان پر عمل کیا جارہا ہے، نیشنل اسٹیڈیم فلائی اوور سے حسن اسکوائر روڈ صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک بند ہے۔ اس کے علاوہ کارساز سے نیشل اسٹیڈیم آنے والا روڈ بھی عام ٹریفک کے لئے بند ہے، تاہم علاقے کے رہائشی اپنا شناختی کارڈ دکھا کر اپنے گھر آ اور جارہے ہیں۔ شہید ملت روڈ سے آنے والی ٹریفک جیل روڈ فلائی اوور اور یونیورسٹی روڈ سے غریب آباد جارہی ہے۔ ہیوی ٹریفک کو نیشنل اسٹیڈیم کی طرف جانے کی اجازت نہیں ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں