عافیہ صدیقی بارے تحفظات، پاکستان نے امریکا کو آگاہ کر دیا

اسلام آباد: پاکستانی حکومت نے امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے حوالے سے تحفظات کے معاملے پر امریکا کو آگاہ کر دیا ہے۔
امریکی جیل میں قید عافیہ صدیقی کے وزیراعظم عمران خان کو پیغام کا معاملہ پاکستان نے عافیہ صدیقی کے حوالے سے تحفظات پر امریکہ کو آگاہ کردیا

سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان نے گزشتہ روز ایلس ویلز کے دورہ کے دوران عافیہ صدیقی کا معاملہ سامنے رکھا اور موقف اختیار کیا کہ عافیہ صدیقی سے متعلق تمام تر بنیادی انسانی حقوقوں کو مدنظر رکھا جائے۔

ذرائع کے مطابق دفتر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان کو عافیہ صدیقی کے پیغام سے آگاہ کیا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی آئندہ ہفتے عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے ملاقات کریں گے۔

یاد رہے کہ سفارتی ذرائع کے مطابق امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی نے وزیراعظم عمران خان کے نام خط لکھا ہے جو انہوں نے ہوسٹن میں پاکستانی قونصل جنرل کو جیل میں ملاقات کے دوران تھمایا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس خط میں عافیہ صدیقی نے لکھا ہے کہ عمران خان نے ماضی میں میری بہت حمایت کی، اب وزیراعظم بننے کے بعد میری رہائی میں مدد کریں، میں اس قید سے باہر نکلنا چاہتی ہوں، امریکا میں میری سزا غیر قانونی ہے، مجھے اغوا کر کے امریکا لایا گیا تھا۔

عافیہ صدیقی نے خط میں لکھا کہ عمران خان پر تنقید کرنے والوں کو اپنی تنقید بند کر دینی چاہیے، انہوں نے ماضی میں غلطیاں کیں مگر اب وہ ویسے نہیں رہے، اسلامی قوانین میں غلطیوں پر توبہ کرنے والے کی غلطیاں معاف کر دی جاتی ہیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی کو عمران خان کے حوالے سے شک ہے تو میں اسے مناظرے کا چیلنج دیتی ہوں، عمران خان ہمیشہ سے میرے ہیرو رہے ہیں انھیں اپنے اردگرد موجود منافقین سے محتاط رہنا چاہیے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتِ پاکستان ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا معاملہ باقاعدگی سے امریکی حکام کے ساتھ اٹھا رہی ہے۔

ڈاکٹر فیصل کے مطابق پاکستان کے ہیوسٹن میں کونسل جنرل کی وقتاً فوقتاً ملاقاتیں جاری ہیں، پاکستان نے 6 نومبر کو ایلس ویلز کے ساتھ بھی عافیہ صدیقی کا معاملہ اٹھایا تھا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکا کی جانب سے پاکستان کی درخواست پر غور کا وعدہ کیا گیا ہے، وزیر خارجہ جلد عافیہ صدیقی کی بہن سے اسلام آباد میں ملاقات کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں