وزیراعظم کا مولانا سمیع الحق کے قتل کی فوری تحقیقات کا حکم

وزیراعظم عمران خان نے جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کو قتل کیے جانے کی فوری تحقیقات کرنے اور ذمہ داران کے تعین کا حکم دے دیا۔

وزیراعظم عمران خان کابینہ کے دیگر ارکان کے ہمراہ چین میں موجود ہیں جہاں انہیں سربراہ جے یو آئی (س) مولانا سمیع الحق پر قاتلانہ حملے کی اطلاع دی گئی۔ وزیراعظم نے مولانا سمیع الحق پر قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نے مولانا سمیع الحق پر حملے کے افسوس ناک واقعے کی آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے فوری تحقیقات کرنے اور ذمہ داران کا تعین کرنے کی ہدایت کردی۔

واضح رہے کہ راولپنڈی کے علاقے تھانہ ائیرپورٹ کے علاقے میں جمعیت علماء اسلام (س) کے امیر مولانا سمیع الحق اپنے گھر میں موجود تھے کہ چند نامعلوم افراد نے مولانا پر چاقوؤں سے حملہ کردیا، انہیں فوری طور پر قریبی نجی اسپتال پہنچایا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں