ملک بھر میں ایک دن میں کورونا ویکسی نیشن کا نیا ریکارڈ

اسلام آباد : ملک بھر میں ایک دن میں عالمی وباء کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسی نیشن کا نیا ریکارڈ بن گیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و سربراہ این سی او سی اسد عمر نے کہا ہے کہ کل پہلی دفعہ کسی بھی ایک دن میں ویکسین لگانے کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کل ایک لاکھ چونسٹھ ہزار سے زائد افراد کو ویکسین لگائی گئی ، جب کہ کل پہلا دن تھا کے 40 سال اور اس سے زیادہ عمر کے لوگوں کو ویکسین لگائی گئی۔

خیال رہے کہ این سی او سی نے 40 سے 49 سال کے شہریوں کی کورونا وبا کے خلاف ویکسینیشن 3 مئی سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ، وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کا اجلاس ہوا ، این سی او سی کے مطابق عید الفطر کی تعطیلات 10 تا 15 مئی تک ہوں گی ، این سی او سی نے عیدالفطر کی چھٹیوں کے لیے گائیڈلائنز بھی جاری کیں ، جس کے مطابق 8 تا 16 مئی ”گھر رہو محفوظ رہو” کی حکمت عملی پرعمل درآمد کیا جائے ، عید کی زیادہ تعطیلات کا مقصد قومی سطح پر نقل و حمل کرنا ہے۔

اس طرح وفاقی حکومت کے ملازمین کے لیے 8 مئی ہفتے سے 16 مئی اتوار تک 9 چھٹیاں بنیں گی، جبکہ صوبوں کے ملازمین کے لیے عید الفطر کی 8 چھٹیاں ہو جائیں گی، این سی او سی نے اعلان کیا کہ عید الفطر پر پبلک پارکس بند رہیں گے ، این سی او سی کے مطابق عید پر لازمی سروسز کے علاوہ کاروبار، مارکیٹس اور دکانیں بند رہیں گی ، عید پر گروسری ، میڈیکل اسٹورز ، اسپتال اور ویکسی نیشن سینٹرز کُھلے رہیں گے۔

اس کے علاوہ عید الفطر پر بیکریز، پٹرول پمپس ، چکن ، سبزی اور فروٹ شاپس بھی کُھلی رہیں گی ، این سی او سی کی جانب سے اجلاس میں مزید فیصلے بھی کیے گئے جن کے مطابق چاند رات کے بازاروں پر پابندی عائد ہوگی، عید کے لیے اضافی ٹرینیں 7 مئی تک چلائی جائیں گی تاہم انٹر سٹی ٹرانسپورٹ پر8 سے 16مئی تک مکمل پابندی عائد رہے گی ، این سی او سی نے ہدایت کی کہ عید کی تعطیلات کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں