پہلا ٹیسٹ؛ آسٹریلیا کے خلاف پاکستانی ٹیم 482 رنزپر آوٹ

دبئی ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے خلاف پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 482 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی جب کہ دوسرے دن کھیل کے اختتام پرآسٹریلیا نے بغیر کسی نقصان کے 30 رنز بنالیے۔

قومی ٹیم نے دوسرے دن کھیل کا آغاز 3 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز سے کیا تو صرف 5 رنز کے اضافے سے محمد عباس آؤٹ ہوگئے۔ حارث سہیل اور اسد شفیق کے درمیان 150 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم اسد شفیق 80 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئے۔

بابر اعظم 4 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے جب کہ حارث سہیل نے سنچری اسکور کی اور 110 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ کپتان سرفراز احمد 15 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے ، بلال آصف 12 اور یاسر شاہ 3 رنزبناسکے۔
آسٹریلیا کی جانب سے پیٹرسڈل نے 3، نیتھن لیون نے 2 جب کہ جون ہولاند، مارنس لیبسچگنی اور مچل اسٹارک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ٹیسٹ میچ کے پہلے دن قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ تو پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز محمد حفیظ اور امام الحق نے انتہائی پراعتماد انداز میں کیا اور دونوں اوپنرز نے 205 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد امام الحق 76 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

محمد حفیظ نے شاندار کھیل پیش کیا اور سنچری مکمل کی تاہم وہ 126 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، تیسرے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین اظہر علی تھے جو 18 رنز پر ہالینڈ کی گیند پر اسٹارک کو کیچ تھما بیٹھے۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ٹیسٹ میچ 2014 میں کھیلا گیا تھا جس میں قومی ٹیم نے آسٹریلیا کو 221 رنز سے شکست دی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں