وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے عہدے کا حلف اٹھالیا

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے عہدے کا حلف اٹھالیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں منعقد ہوئی جہاں قائم مقام گورنر پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔

حلف اٹھانے کے بعد وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے سادگی اور بچت کی مثال قائم کرتے ہوئے اپنی ذاتی کار میں گورنر ہاؤس سے روانہ ہوئے۔ وزیراعلیٰ آفس آمد پر نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی جب کہ وزیراعلیٰ نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔
بعد ازاں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ صوبے کو عمران خان کے ویژن کے مطابق چلائیں گے اور تبدیلی سب کو نظر آئے گی، کبھی کوئی غلط کام کیا نہ کسی کو کرنے دوں گا جب کہ اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں گے، تمام فیصلے مشاورت اور اتفاق رائے سے کیے جائیں گے۔

سردار عثمان بزدار نے کہا کہ صوبے میں غیر ضروری اخراجات کو کم کیا جائے گا، ہر سطح پر سادگی اور کفایت شعاری کو فروغ دیں گے اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے وزارت اعلیٰ کا عہدہ عوام کی حقیقی خدمت کے لیے وقف رہے گا میں عوام میں سے ہوں اور مجھے ان کے دکھ درد اور مسائل کا پورا احساس ہے اور میرا پل پل عوام کے مسائل کے حل کے لیے صرف ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں