پی ٹی آئی کے اسد قیصر اسپیکر قومی اسمبلی اور قاسم سوری ڈپٹی اسپیکر منتخب

اسلام آباد: تحریک انصاف کے اسد قیصر قومی اسمبلی کے اسپیکر اور قاسم خان سوری ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے ہیں۔

سردار ایاز صادق کی سربراہی میں قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران نئے اسپیکر کے لیے پولنگ کا عمل شروع ہوا۔ اسپیکر کے لئے تحریک انصاف اور اس کی حلیف جماعتوں کے مشترکہ امیدوار اسد قیصر کا مقابلہ اپوزیشن جماعتوں کے سید خورشید شاہ سے تھا۔

اسپیکر کے انتخاب کے لیے 2 پولنگ بوتھ بنائے گئے تھے، ایک پولنگ بوتھ پر پیپلز پارٹی سےغلام مصطفیٰ شاہ اور تحریک انصاف کے عمران خٹک جب کہ دوسرے پولنگ بوتھ پر پیپلز پارٹی کی شازیہ مری اور تحریک انصاف کےعمر ایوب پولنگ ایجنٹ تھے۔ ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے اراکین کو حروف تہجی کے مطابق باری باری ان کے نام سے بلایا گیا۔
رائے شماری کے اعلان کے بعد ایاز صادق نے نو منتخب اسپیکر سے حلف لیا۔ اس دوران مسلم لیگ (ن) کے ارکان نے ووٹ کو عزت دو کے نعرے لگائے۔

پولنگ مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی ہوئی جس کے مطابق اسد قیصر کامیاب قرار پائے۔ اسپیکر کے انتخاب کے لیے کل 330 ووٹ ڈالے گئے۔ اسد قیصر نے 176 جب کہ خورشید شاہ نے 146 ووٹ حاصل کئے۔ 8 ووٹ مسترد ہوئے۔

مسلم لیگ (ن) کے ارکان کے احتجاج اور جوابی نعرے بازی کے باعث اسپیکر نے ایوان کی کارروائی 15 منٹ کے لیے ملتوی کردی، وقفے کے بعد مختلف سیاسی جماعتوں نے اظہار خیال کیا۔

قاسم خان سوری ڈپٹی اسپیکر منتخب
دوسری جانب تحریک انصاف کی جانب سے نامزد ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری 183 ووٹ لے کر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہوگئے ہیں، ان کے مدمقابل اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار اسد محمود نے 144 ووٹ لیے جب کہ ایک ووٹ مسترد ہوا، نومنتخب اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے قاسم خان سوری سے حلف لیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں