شاہد خاقان عباسی نے تاحیات نااہلی کا فیصلہ چیلنج کردیا

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنی نااہلی سے متعلق ایپلیٹ ٹربیونل کا فیصلہ ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی اپنی تاحیات نااہلی کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایپلیٹ ٹریبونل کو تاحیات نااہل کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہے لہذا ٹریبونل کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔

دوسری جانب این اے 53 سے بھی شاہد خاقان عباسی کو الیکشن لڑنے سے روکنے کے لیے درخواست دائر کردی گئی ہے۔ چیئرمین ہمدردان وطن پاکستان میاں غلام رسول کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ شاہد خاقان عباسی این اے 57 سے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نا اہل قرار دیئے گئے، جو شخص آئین کے تحت نااہل ہوچکا وہ یہاں سے الیکشن کیسے لڑ سکتا ہے، اس لیے این اے 53 میں بھی شاہد خاقان عباسی کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جائیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز الیکشن ایپلیٹ ٹربیونل نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت تاحیات نااہل قرار دیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں