کابل میں انتخابی مرکز پر خودکش حملے میں 31 افراد ہلاک

کابل: افغانستان کے دارالحکومت میں ووٹر رجسٹریشن دفتر کے قریب ہونے والے خود کش دھماکے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 31 ہو گئی ہے جب کے 50 سے زائد افراد زخمی ہیں۔

افغان میڈیا کے مطابق کابل کے علاقے ’پولیس ڈسٹرکٹ 6‘ میں خود کش بمبار نے ووٹر رجسٹریشن مرکز کے اندر داخل ہوکر خود کو دھماکے سے اُڑالیا جس کے نتیجے میں 31 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں 4 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ اسپتال ذرائع نے ہلاکتوں میں اضافے کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔

دوسری جانب افغانستان کے صوبہ بلخ کے ضلع چہار بولاک میں طالبان جنگجوؤں کے ساتھ گزشتہ روز ہونے والی جھڑپ میں شدید زخمی ہونے والے ضلعی پولیس کے سربراہ محمد حلیم کھنجر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے آج مقامی اسپتال میں دم توڑ گئے۔ جاں بحق ہونے والے پولیس افسر کی نماز جنازہ آج پولیس ہیڈ کوارٹر میں ادا کی جائے گی۔
واضح رہے کہ رواں سال افغانستان میں 5 بڑے خودکش دھماکوں میں 140 سے زیادہ افراد ہلاک اور207 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ان خودکش حملوں میں فوجی اڈوں اور مساجد کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ ان تمام ہی دھماکوں کی ذمہ داری انتہا پسند مذہبی جماعتوں نے قبول کی تھی۔ دوسری جانب افغان اور اتحادی فوجوں نے رواں سال افغانستان کے مختلف صوبوں میں کارروائی کرتے ہوئے 5 سپریم طالبان کمانڈرز سمیت 102 جنگجوؤں کو مارنے کا دعوی بھی کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں