70 سال سے جاری کھیل ختم نہ ہوا تو ملک کو خطرات لاحق ہوجائیں گے، نواز شریف

شیخو پورہ: مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ 70 سال سے جاری کھیل ختم نہ ہوا تو ملک کو خطرات لاحق ہوجائیں گے۔

شیخوپورہ میں مسلم لیگ (ن) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ 2018 کے عام انتخابات میں امپائروں کی انگلی والوں کے ڈبے خالی رہیں گے، پی پی پی کو تو پہلے ہی خدا حافظ کہہ دیا اب امپائروں کی انگلی والوں کا بھی خدا ہی حافظ ہے، عوام نے وزیراعظم نہ ہونے کے باوجود نواز شریف کو اپنے سر پر بٹھا لیا اور نااہل وزیراعظم کا استقبال کیا، میں نااہل نہیں لیکن مجھے نااہل کردیا گیا، پہلی بار 3 سال میں اور دوسری بار 2 سال میں چھٹی ہوگئی، پھر اٹک قلعے میں بند کردیا گیا اور پھر ملک بدر کردیا گیا۔

نواز شریف نے کہا کہ مجھے نااہل کرنے والوں سے عوام بدلہ لیں گے اور الیکشن میں امپائروں کی انگلی والوں کے ڈبے خالی رہیں گے، پی پی پی اور لاڈلے کی پارٹی سے کسی ایک منصوبے کا نام پوچھو جو انہوں نے مکمل کیا ہو، پیپلزپارٹی نے ملک کو اندھیروں میں ڈبویا ہم روشنیاں واپس لے آئے، خیبرپختون خوا ٹوٹا پھوٹا ہے، پشاور اور کراچی میں ہر طرف گندگی اور کچرا ہے، نواز شریف کو لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی ختم اور ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کی وجہ سے فارغ کیا گیا۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ 70 سال سے جاری کھیل ختم نہ ہوا تو ملک کو خطرات لاحق ہوجائیں گے، قوم 70 سال سے ہونے والے ظلم و زیادتی کا حساب لے گی، نواز شریف خدا کے سوا کسی سے نہیں ڈرتا اور ہم 70 سال کی تاریخ کو بدلیں گے، ووٹ کا احترام سب کو کرنا پڑے گا، ایسا نہیں چلے گا کہ 20 کروڑ عوام کے منتخب وزیراعظم کو چار پانچ لوگ نکال دیں، مجھے نااہل کرنے والوں سے بدلہ لو گے؟۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں